کولمبو، 14 اگست (یو این آئی) سری لنکا اور ہندوستان کے درمیان ٹائی ہوئے پہلے ون ڈے میں حکام کی غلطی کی وجہ سے سپر اوور نہیں ہو سکا۔
آن فیلڈ امپائرز جوئل ولسن اور رویندرا ومالاسری، نیز ریفری رنجن مدوگالے، ٹی وی امپائر پال رائفل اور چوتھے امپائر روچیرا پالیا گروگے نے اندرونی طور پر اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے ون ڈے کے کھیل کے حالات کو غلط سمجھا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق ٹائی ہونے والے میچ میں سپر اوور کرایا جانا چاہیے تھا۔
میچ ٹائی ہونے پر دونوں امپائرز نے بیلز چھوڑ دیں اور کسی بھی ٹیم نے سپر اوور کے بارے میں نہیں پوچھا، کھلاڑی ایک دوسرے سے مصافحہ کرتے ہوئے پویلین چلے گئے۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر اس پر سوالات اٹھنے لگے۔ مدوگالے، ولسن اور ومالاسری نے فوری طور پر سپر اوور پر بات نہیں کی۔ بعد ازاں بات چیت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ اگر تین میچوں کی سیریز میں مزید کوئی میچ ٹائی ہوا تو سپر اوور کرایا جائے گا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے گزشتہ سال 23 دسمبر کو جاری کردہ ون ڈے میچ کنڈیشنز میں کہا گیا تھا کہ اگر دونوں اننگز کے اختتام کے بعد اسکور برابر رہے تو سپر اوور ہوگا۔ اگر سپر اوور بھی ٹائی رہتا ہے تو سپر اوورز اس وقت تک ہوں گے جب تک کہ کوئی فاتح نہیں نکلتا۔ اگر فاتح کا فیصلہ کرنے کے لیے سپر اوور یا میچ نہیں کرایا جا سکتا تو میچ ٹائی ہو جائے گا۔
0