وزیراعظم مودی کے دورے کوحتمی شکل دینے میں بھاجپا لیڈرشپ مصروف عمل
آج راہول گاندھی کا رام بن اور اڈورﺅننت ناگ اضلاع میں2انتخابی جلسوں سے خطاب :طارق حمید قرہ
سری نگر:۳، ستمبر: جے کے این ایس : جموں وکشمیرمیں 2014کے بعد اسمبلی انتخابات مختلف سیاسی ماحول میں ہونے والے ہیں ،اور پہلے مرحلے میں 18ستمبر کو 24نشستوں پر ووٹنگ ہوگی اورکل219اُمیدواروںکی سیاسی قسمت بیلٹ بوکسوںمیں بندہوجائے گی ۔علاقائی پارٹیو ں نیشنل کانفرنس ،پی ڈی پی ،پیپلز کانفرنس ،اپنی پارٹی اورعوامی اتحاد پارٹی کیساتھ ساتھ قومی سطح کی دواہم ترین حریف سیاسی جماعتوںکی بھی اسمبلی انتخابات میں خاص دلچسپی نظرآتی ہے ۔جے کے این ایس کومعلوم ہواکہ جموں وکشمیر میں اپنی پارٹی کے اُمیدواروںکی انتخابی مہم میں شرکت کیلئے وزیراعظم مودی ،وزیرداخلہ امت شاہ ،وزیر دفاع راجناتھ سنگھ ،پارٹی صدر جے پی نڈا اور یوپی کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سمیت کم وبیش40مرکزی لیڈران الگ الگ مراحل میں باری باری یہاں آئیں گے۔اس دوران معلوم ہواکہ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اورکانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی آج یعنی 4ستمبر بروز بدھ کے روز رام بن اور اننت ناگ اضلاع میںپارٹی اُمیدواروں کے2عوامی ریلیوں سے خطاب کریں گے، جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کےلئے کانگریس کی مہم کا آغاز کریں گے۔پارٹی ذرائع نے بتایاکہ یہ ریلیاں18 ستمبر کو ہونے والے انتخابات کے پہلے مرحلے میں پارٹی کے امیدواروں کی انتخابی مہم کا حصہ ہیں۔راہول گاندھی کے علاوہ، کانگریس کے سربراہ ملکارجن کھرگے، سونیا گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا آنے والے تین مرحلوں کے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کے 40 اسٹار پرچارکوں میں شامل ہیں۔جموں و کشمیر اسمبلی کے90 ارکان کے انتخاب کے لیے پولنگ 18، 25 ستمبر اور یکم اکتوبر2024 کو ہوگی۔جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمیدقرہ نے منگل کوبتایاکہ راہول گاندھی کل یعنی بدھ سے پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔انہوںنے کہاکہ راہول گاندھی بدھ کو کانگریس امیدواروں کی حمایت میں رام بن اور اننت ناگ اضلاع میں2 عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے۔کانگریس اور نیشنل کانفرنس نے جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے لیے قبل از انتخاب اتحاد کیا ہے، جو اگست2019 میں آئین کے آرٹیکل 370کی منسوخی کے بعد پہلی بار منعقد ہو رہے ہیں۔طارق حمیدقرہ نے کہا کہ راہول گاندھی بدھ کو دہلی سے جموں پہنچیں گے اور پھر دوپہر کے وقت ایک ریلی سے خطاب کرنے کے لیے رام بن ضلع کے گول علاقے میں پرواز کریں گے۔انہوںنے کہاکہ راہول گاندھی پارٹی کے جموں و کشمیر یونٹ کے سابق صدروقار رسول وانی کے لیے مہم چلائیں گے، جو بانہال اسمبلی حلقہ سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔ اس نشست کے لیے پہلے مرحلے میں18 ستمبر کو پولنگ ہوگی۔جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نے مزید کہاکہ راہول گاندھی اس کے بعد اننت ناگ ضلع کے ڈوروءعلاقہ جائیں گے، جہاں وہ کانگریس جنرل سکریٹری اور سابق وزیر غلام احمد میر کی حمایت میں ایک اور انتخابی ریلی سے خطاب کریں گے، جو ڈورو اسمبلی حلقہ سے لڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر بدھ کی شام کو سری نگر سے دہلی واپس آئیں گے۔طارق حمیدقرہ نے اعتماد ظاہر کیا کہ راہول گاندھی کی مہم انتخابات کے دوران پارٹی کی عوامی رسائی کو ایک نئی تحریک دے گی اور اس کے انتخابی امکانات کو بہتر بنائے گی۔انتخابات کے پہلے مرحلے میں غلام احمد میر، وقار رسول وانی اور جموں و کشمیر کانگریس کے سابق سربراہ پیرزادہ محمد سید میدان میں ہیں۔
0