0

اعتماد کی خلیج پُر کرنے کی اصل ذمہ داری پاکستان پر ہے: ڈاکٹر فاروق عبداللہ

سری نگر،10مئی(یو این آئی)جموں و کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فوجی کارروائیوں کے خاتمے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قدم سرحدی علاقوں میں بسنے والے لاکھوں شہریوں کے لیے امید کی نئی کرن ثابت ہوگا۔
انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی خلیج کو پُر کرنے کی اصل ذمہ داری پاکستان پر عائد ہوتی ہے، جسے سرحد پار دہشت گردی سے متعلق ہندوستان کے جائز خدشات کا سنجیدگی سے ازالہ کرنا ہوگا۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا، ’لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر کشیدہ حالات کا سب سے زیادہ خمیازہ لوگوں کو بھگنتا پڑرہا ہے۔ لوگوں کی جان و مال کے ساتھ ساتھ ان کے معمولاتِ زندگی بھی مسلسل متاثر ہوتے آئے ہیں۔ جنگ بندی کا یہ فیصلہ ان مظلوم شہریوں کے لیے سکون اور راحت کا پیغام ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل کانفرنس ہمیشہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان پائیدار دوستی اور بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل کی وکالت کرتی رہی ہے۔ ’ہماری جماعت کا ماننا ہے کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن صرف اسی وقت ممکن ہے جب دونوں ممالک نہ صرف بات کریں بلکہ ایک دوسرے کے تحفظات کو سنجیدگی سے لیں،‘ ۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے خاص طور پر پاکستان پر زور دیا کہ وہ اس موقعے کو ضائع نہ کرے اور اپنی پالیسیوں میں مثبت تبدیلی لاتے ہوئے ہندوستان کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی راہ ہموار کرے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا :’ یہ وقت ہے کہ سرحد کے دونوں جانب بسنے والے عوام کو سکون کی سانس لینے دی جائے۔ دشمنی سے کسی کو کچھ نہیں ملا، لیکن امن سے سب کچھ حاصل ہو سکتا ہے۔‘

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں