0

الطاف بخاری کی پارٹی لیڈران کا بلدیاتی وپنچایتی انتخابات کیلئے تیار رہنے کی ہدایت

عوامی رابطہ پروگراموں میں تیزی لانے کی تاکید

جموں، ستمبر 13:اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے پارٹی لیڈروں سے کہا ہے کہ وہ جموں وکشمیر میں بلدیاتی وپنچایتی اداروں کے مجوزہ انتخابات کے پیش نظر عوامی رابطہ مہم میں تیزی لائیں۔یہ ہدایت موصوف نے پارٹی صدر دفتر گاندھی نگر جموں میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دی۔موصولہ پریس ریلیز کے مطابق اس اجلاس میں سنیئر صوبائی لیڈران، ضلع صدور اور پارٹی کے مختلف شعبوں کے سربراہان نے شرکت کی جس میں صوبہ جموں میں پارٹی کی سرگرمیوں اور اِس کو زمینی سطح پر مضبوط بنانے سے متعلق متعدد امور پر تفصیلی غوروخوض کیاگیا۔
الطاف بخاری نے پارٹی لیڈروں سے کہاکہ وہ جموں وکشمیر میں اربن لوکل باڈیز اور پنچایتی راج انتخابات کے لئے تیار رہیں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ ممبر شپ مہم اور عوامی رابطہ پروگرام میں تیزی لائیں جس دوران جلد ازالہ کے لئے لوگوں کے مسائل کو اُجاگر کریں ۔ انہوں نے کہا” پچھلے چند سالوں سے جموں وکشمیر میں منتخب حکومت کی عدم موجودگی سے لوگ کئی قسم کی مشکلات کا شکار ہیں۔ سابقہ ریاست جموں وکشمیر خاص کر جموں کے میدانی علاقوں میں لوگوں کے اندر سخت غصہ ہے“۔ انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کے سمارٹ میٹروں کی تنصیب متعلق یکطرفہ فیصلے سے عوام کی جیبوں پر اضافی بوجھ پڑا ہے۔
انہوں نے مزید کہا”جموں، سانبہ اور کٹھوعہ میں احتجاج کے باوجود جموں پٹھانکوٹ شاہراہ پر ٹول پلازہ چل رہا ہے، تعمیروترقی کے فقدان، بے روزگاری اور منشیات کی وجہ جیسے مسائل نے لوگوں کی معمول کی زندگی کو متاثر کیا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ انسانی طریقہ سے اِن مسائل کا حل نکالاجانا چاہئے“۔انہوں نے پارٹی لیڈران سے کہاکہ وہ خطہ میں گھر گھر مہم چلائیں اور لوگوں کے مسائل کو اُجاگر کرنے میں اُن کی مدد کریں۔
اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری کا مزید کہناتھا” جموں وکشمیر کے لوگ تفرقہ انگیز سیاست کا شکار رہے ہیں لہٰذا اُنہیں غیر متعصبانہ نمائندگی فراہم کی جانی چاہئے“۔ انہوں نے اِس بات پر حیرانگی کا اظہار کیاکہ جموں اور کشمیر میں یکساں طور لوگوں کی طرف سے اسٹیٹ ہڈ اور جمہوری نظام کی بحالی کے مطالبات کے باوجود اسمبلی انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کی جارہی ہے تاہم انہوں نے اِس بات کی تعریف کی کہ جموں وکشمیر میں اربن لوکل باڈیز اور پنچایت کے انتخابات کرائے جارہے ہیں۔
انہوں نے جموں صوبہ میں پارٹی لیڈران کی طرف سے کئے جارہے کام کی تعریف کی اور کہا ”ہمیں بلدیاتی وپنچایتی انتخابات کے لئے تیار رہنے کی ضرورت ہے، بہترین اُمیدواروں کا انتخاب ضروری ہے، متحدہوکر زمینی سطح پر کام کرنے سے ہی بہترنتائج نکل سکتے ہیں جوکہ مجموعی طور پارٹی کے لئے فائیدہ مند رہیں گے۔
انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی نے سبھی خطوں کی یکساں ترقی، مقامی لوگوں کے حقوق، اُن کے وسائل ، اراضی اور روزگار کے تحفظ کو یقینی بناکر لوگوں کو ایک اُمید دی ہے ، ہمیں آگے بھی عوام کی توقعات پر کھرا اُترنا ہے۔
یوٹی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے الطاف بخاری نے کہا”بیروکریسی لوگوں کی توقعات پر کھرا اُترنے میں ناکام رہی ہے۔ عوام مخالف کئی ایسے فیصلے لئے گئے جس سے انتظامیہ کیخلاف لوگوں میں بد اعتمادی پھیل گئی ہے۔ بد اعتماد ی اور احساس بیگانگی کا ازالہ کرنے کے لئے تاریخی ریاست جموں وکشمیر کے درجہ کی بحالی اور انتخابات کا انعقاد ناگزیر بن چکا ہے۔
دریں اثناءاجلاس سے پارٹی نائب صدر اعجاز احمد خان نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے بتایاکہ اپنی پارٹی نے جموں وکشمیر کے دیگر حصوں کی طرح رام بن اور ریاسی اضلاع میں بھی سماج کے سبھی طبقہ جات کی حمایت حاصل کی ہے۔ پارٹی قیادت پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ لیڈران اور کارکنان نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ اگر اسمبلی انتخابات منعقد ہوئے تو ہمیں اُمید ہے کہ اپنی پارٹی سب سے زیادہ نشستیں جیت کر واحد اکثریتی جماعت کے طور اُبھر کر سامنے آئے گی۔ موصوف نے مزید کہاکہ لوگوں کو اپنی پارٹی سے اُمیدیں وابستہ ہیں۔
صوبائی صدر جموں سردار منجیت سنگھ نے صدر موصوف کو بتایاکہ پارٹی عوامی مسائل کو حل کرنے میں سرگرم کردار ادا کر رہی ہے اور پارٹی کے اندر شکایات ازالہ سیل قائم کیاگیاہے۔ انہوں نے عوامی رابطہ پروگرام، ممبر شپ مہم اور لوگوں سے جوڑنے کے لئے آگے منعقد کئے جانے والے پروگراموں کے بارے میں بھی تفصیلی طور بتایا۔ انہوں نے بتایاکہ سروڑ ٹول پلازہ اور سمارٹ میٹروں کی تنصیب کیخلاف اپنی پارٹی نے سلسلہ وار احتجاج کئے ہیں کیونکہ ٹیکس وصولی سے عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
اس اجلاس میں سنیئر نائب صدر اور سابقہ ایم ایل اے قمر علی چودھری، صوبائی نائب صدر پریم لال، نائب صدر شیخ شفیع، معاون جنرل سیکریٹری (آرگنائزیشن)ارون کمار چبر، ضلع صدر پونچھ اور سابقہ ایم ایل اے شاہ محمد تانترے، ریاستی سیکریٹری مہندر سنگھ پریہار، صوبائی سیکریٹری ڈاکٹر روہت گپتا، صوبائی سیکریٹری سوہن سنگھ، صوبای سیکریٹری ریاض آتش، ریاستی صدر ایس ٹی ونگ سلیم عالم چودھری، ریاستی صدر ایس سی ونگ بودھ راج بھگت، ریاستی صدر اپنی ٹریڈ یونین اعجاز کاظمی، او بی سی ریاستی صدر بھگت رام، ضلع صدر جموں رورل اے پشپ دیو کمار اُپل، ضلع صدر جموں رورل بی ایڈوووکیٹ ہرپریت سنگھ، ضلع صدر سانبہ رمن تھاپا، ضلع صدر اودھم پور ہنس راج ڈوگرہ، ضلع صدر رام بن کرپال سنگھ، ضلع صدر ڈوڈہ سلیم ماگرے، ضلع صدر ڈوڈہ رورل انیل کمار، ضلع صدر کشتواڑ، مسود مٹو، ضلع صدر راجوری سید منظور حسین شاہ بخاری، ضلع صدر راجور ی رورل بھوشن اپل، صوبائی صدر خواتین ونگ پونیت کور، صوبائی صدر لیگل سیل ایڈووکیٹ وکرم راٹھور، صوبائی صدر ایس سی ونگ ایڈووکیٹ لولی منگول، صوبائی صدر ٹرانسپورٹ یونین تیرتھ سنگھ، صوبائی صدر ایس ٹی شبیر کوہلی، صوبائی صدر اپنی ٹریڈ یونین راج شرما، ترجمان اعلیٰ خشبو بھگت، رقیق احمد خان(ریاستی یوتھ نائب صدر اور میڈیا کارڈی نیٹر)، ریاستی جنرل سیکریٹری یوتھ ونگ ابہے بکایہ، ضلع صدر لیگل سیل ایڈووکیٹ ساحل بھارتی، صوبائی سیکریٹری عادل وانی، سنیئر نائب صدر ضلع جموں وائی بہو مٹو، انچارج اندروال عاشق حسین وغیرہ نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں