واشنگٹن، 10 مئی (یو این آئی) وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکی صدر ہند۔ پاک کشیدگی میں کمی چاہتے ہیں اورہند۔ پاک کشیدگی میں کمی کے لیے کام کر رہے ہیں۔
میڈیا میں شائع نیوز کے مطابق وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے ایک بیان میں کہا کہ صدر ٹرمپ چاہتے ہیں دونوں ممالک میں کشیدگی نہ بڑھے، امریکی وزیر خارجہہند۔ پاک کشیدگی میں کمی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ مارکو روبیو دونوں ممالک کے رہنماؤں سے رابطے میں ہیں، مارکو روبیو نےدونوں ممالک سےتنازع بڑھانے سے روکنے کی بات کی۔
انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے دونوں ممالک سے اچھے تعلقات ہیں، پاکستان اور ہندوستان کا تنازع کئی دہائیوں پر محیط ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز نائب امریکی صدر جے ڈی وینس نے کہا تھا کہ ہندوستان نے پاکستان پر حملہ کیا، پاکستان نے اسے جواب دے دیا، ہم پاکستان -ہندوستان جنگ میں مداخلت نہیں کریں گے، کیونکہ اس سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم دونوں ملکوں میں کشیدگی کم کروانے کے لیے کام کر رہے ہیں، تاہم اس وقت پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ایٹمی جنگ کا امکان نہیں ہے۔
