0

اوڑی انکاونٹر:ایک ملی ٹینٹ ہلاک، آپریشن ہنوز جاری :دفاعی ترجمان

سری نگر،23جون:شمالی ضلع بارہ مولہ کے اوڑی سیکٹر میں فوج نے دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ایک ملی ٹینٹ کوہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے اطلاعات کے مطابق مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد فوج اور بی ایس ایف نے ہفتے کی صبح اوڑی سیکٹر میں تلاشی آپریشن شروع کیا جس دوران وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں اور فورسز کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے اور اتوار کی صبح تک آپریشن کو موخر کیا۔

معلوم ہوا ہے کہ اتوار اعلیٰ الصبح سیکورٹی فورسز نے تصادم کی جگہ ایک ملی ٹینٹ کی لاش برآمد کی جس کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج کو اطلاع ملی ہے کہ دراندازی کے ذریعے ملی ٹینٹوں کا ایک گروپ اس طرف آنے میں کامیاب ہوا ہے جن کی بڑے پیمانے پر تلاش جاری ہے۔

دریں اثنا سری نگر نشین دفاعی ترجمان نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا :’اوڑی سیکٹر کے بجرنگ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین جاری تصادم میں ایک دہشت گرد مارا گیا ۔‘

انہوں نے کہاکہ تلاشی آپریشن جاری ہے اور اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

یو این آئی-

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں