0

بارشوں سے سری نگر کی سڑکیں زیر آب

سری نگر، 5 اگست : وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں پیر کی صبح ہونے والی بارشوں سے گرچہ لوگوں کو شدید گرمی سے کسی حد تک راحت نصیب ہوئی تاہم سری نگر کے کئی علاقوں کی سڑکیں زیر آب آگئیں جس سے لوگوں کا چلنا پھرنا از بس مشکل ہوگیا۔
یو این آئی کے ایک نامہ نگار نے بتایا کہ پیر کی صبح ہونے والی بارشوں سے سری نگر کے کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوا۔
انہوں نے کہا کہ بارشوں سے ڈرینز بند ہوگئیں جس کی وجہ سے پانی سڑکوں پر جمع ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر ہوئے گہرے گڑھوں اور گلی کوچوں میں جمع پانی سے لوگوں خاص کر عمر رسیدہ افراد اور بچوں کا چلنا پھرنا از بس مشکل بن گیا ہے۔
محمد امین نامی ایک دکاندار نے بتایا کہ سڑکوں پر اس قدر پانی جمع ہے کہ گاڑیوں کے چلنے سے اٹھنے والی چھینٹیں دور دور تک پیدل چلنے والوں کو اپنی لپیٹ میں لیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کا چلنا مشکل بن گیا ہے پیدل سفر کرنے والوں کی بات ہی نہیں ہے۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے جموں وکشمیر میں اگلے تین دنوں کے دوران کئی مقامات پر بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
انہوں نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ اس دوران جموں وکشمیر کے خطرناک مقامات پر سیلابی ریلے، بادل پھٹنے، لینڈ سلائڈنگ، مٹی کے تودے گر آنے اور چٹانیں کھسک آنے کے خطرات ہیں۔
یو این آئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں