سری نگر، 28 مارچ (یو این آئی) سیکورٹی فورسز نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے نمبلان جنگلاتی علاقے میں بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ بارہمولہ پولیس نے فوج کی 46 آر آر اور سی آر پی ایف کی 53 بٹالین کے ساتھ نمبلان جنگلاتی علاقے میں ایک مشترکہ تلاشی آپریشن چلایا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا گیا۔
بر آمد شدہ اسلحہ و گولہ بارود میں دو چینی ہینڈ گرینیڈ، اے کے 47 کی 104 گولیاں،اے کے 47 کے دو میگزین (ایک تباہ شدہ)،آر ڈی ایکس کے 6 ٹکڑے،تار کے ساتھ ایک ڈیٹونیٹر سیٹ،ایک پوچ،2 پٹھو بیگ اور ایک پریشر آئی ای ڈی شامل ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے ان ہتھیاروں اور گولہ بارود کے ممکنہ غلط استعمال کو روک دیا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں انڈین آرمز ایکٹ کی دفعہ 7/25 اور یو اے پی اے کی دفعہ 13 کے تحت پولیس اسٹیشن شیری میں ایک ایف آئی آر زیر نمبر 18/2025 درج کیا گیا اور مزید تفتیش شروع کی گئی۔ان کا کہنا ہے کہ بارہمولہ پولیس امن کو لاحق کسی بھی خطرے کے خلاف فعال اقدامات کرتے ہوئے ضلع کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
