سری نگر29نومبر(یو این آئی)منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس نے بڈگام، گاندربل اور سوپور میں چھ منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کے قبضے سے ممنوع نشیلی اشیاءبرآمد کرکے ضبط کی ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ماگام پولیس نے گورنمنٹ بائز ہائر سکنڈری اسکول ماگام کے نزدیک دو مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم دونوں نے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہاکہ پولیس نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کا ر لاکر دونوں کو دھر دبوچا اور جامہ تلاشی کے دوران گیارہ گرام ہیرون جیسی نشیلی اشیاءبرآمد کی ۔
گرفتار شدگان کی شناخت اشفاق احمد پرے ولد علی محمد ساکن ہردو ملہ پورہ بیروہ اور عامرفاروق وانی ولد فاروق احمد وانی ساکن آرتھ بڈگام کے بطور کی گئی ہے۔
موصوف ترجمان کے مطابق چاڈورہ پولیس اور پولیس پوسٹ موچھوا نے شیخ پورہ واتھورہ کراسنگ کے نزدیک مشتبہ نوجوان کو دھر دبوچ کر اس کے قبضے سے 230گرام چرس اور 1.1 نشیلی پاوڈر برآمد کی ۔
گرفتار منشیات فروش کی شناخت عرفان امین شیخ ولد محمد امین شیخ ساکن ڈونی وارہ سوپور کے بطور ہوئی ہے۔
پانزلہ پولیس نے چیک گوجری روہامہ میں ناکہ چیکنگ کے دوران دو افراد جن کی شناخت امتیاز احمد ملہ ولد حبیب اللہ ملہ اور محمد رفیق ہجام ولد غلام محمد ہجام ساکنان روہامہ رفیع آباد کے بطور ہوئی کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کے قبضے سے 45گرام چرس اور 88نشہ آور ٹکیاں برآمد کیں۔
دریں اثنا گاندربل پولیس کو معتبر ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی کہ نذیر احمد خان ولد غلام احمد خان ساکن خان محلہ آرہامہ نے رہائشی مکان میں نشہ آور اشیاءچھپا کر رکھی ہوئی ہے۔
پولیس نے خصوصی ٹیم تشکیل دے کر مجسٹریٹ کی موجودگی میں رہائشی مکان پر چھاپہ مارا اور وہاں تلاشی کے دوران 2.9کلو گرام بھنگ برآمد کرکے منشیات فروش کو موقع پر ہی گرفتار کیا۔