0

جموں صوبے میں سرگرم غیر ملکی دہشت گردوں کا صفایا کیا جائے گا :پولیس سربراہ

جموں،06جولائی:جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ آر آر سوین نے ہفتے کے روز کہا کہ جموں خطے میں موجود غیر ملکی دہشت گردوں کا صفایا کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی دہشت گرد یہاں خوف و دہشت کا ماحول دوبارہ قائم نہیں کر سکتے ہیں۔
ان باتوں کا اظہار موصوف ڈی جی پی نے ڈوڈہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں حالات کافی بہتر ہوئے ہیں تاہم پڑوسی ملک غیر ملکی دہشت گردوں کو اس طرف بھیج کر لوگوں میں ڈر اور خوف کا ماحول قائم کرنا چاہتا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے کہاکہ جموں صوبے میں قلیل تعداد میں ہی دہشت گرد سرگرم ہیں اور انہیں بہت جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا :’عوام کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کا صفایا کیا جائے گا۔ ‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر جموں وکشمیر پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں نے زمینی سطح پر اقدامات کئے ہیں۔
ڈی جی پی نے کہاکہ دہشت گردوں اور ان کے معاونت کاروں کو اب کسی بھی صورت میں پنپنے کا موقع فراہم نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ عوام کے ساتھ مل کر ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت جائیں گے۔
ان کے مطابق عوام کے جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے کی خاطر جموں وکشمیر پولیس کے اہلکار اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔
آر آر سوین نے کہاکہ دہشت گردوں اور ان کے مدد گاروں کے خلاف جو کریک ڈاون شروع کیا گیا ہے اس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ملک دشمن عناصر کو کسی بھی صورت میں پنپنے کا موقع فراہم کریں گے۔
ڈی جی پی نے کہا :’جموں وکشمیر کے پر امن حالات میں کسی کو رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘

یو این آئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں