0

جموں میں اگلے پانچ دنوں کے دوران شدید گرمی کی لہر جاری رہنے کا امکان

سری نگر، 14 جون (یو این آئی) محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق اگلے پانچ دنوں کے دوران جموں کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر جاری رہ سکتی ہے جبکہ جموں و کشمیر کے باقی علاقوں میں موسم خشک و گرم رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں 19 اور 20 جون کو گرج چمک کے ساتھ رک رک بارشیں ہوسکتی ہیں اور اس دوران کہیں کہیں تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی کشمیر میں 14 جون کو کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد میں 15 سے 18 جون تک موسم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے تاہم اس دوران بھی کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وادی میں 19 اور 20 جون کو کہیں کہیں رک رک کر بارشوں کا امکان ہے۔
دریں اثنا ابر آلود موسم کے بیچ سیاحتی مقام گلمرگ کو چھوڑ کر وادی کے شبانہ درجہ میں گراوٹ درج ہوئی ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت13.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت14.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت7.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت6.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت8.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت10.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت11.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت10.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت13.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں