جموں، 16 اپریل (یو این آئی) جموں وکشمیر پولیس نے ضلع سانبہ کے بری برہمنہ کے گجر بستی اور بلولے کھڈ علاقوں میں بدھ کی صبح چھاپہ مار کارروائیاں انجام دے کر کئی افراد کو گرفتار کیا۔
یہ کارروائیاں مقامی منشیات کے نیٹ ورک میں ملوث افراد اور چند روز قبل علاقے میں ایک پولیس پارٹی پر حملہ کرنے کے ذمہ داروں کی شناخت اور انہیں گرفتار کرنے کے لئے انجام دی گئیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ بری برہمنہ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کی قیادت میں ایک پولیس ٹیم نے گجر بستی اور بلولے کھڈ علاقوں میں بدھ کی صبح چھاپہ مار کارروائیاں انجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران منشیات فروشی میں ملوث اور کچھ روز قبل ایک پولیس پارٹی پر حملہ کرنے والے افراد کو گرفتار کیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ تلاشی کارروائیاں علاقے میں منشیات فروشوں کی موجودگی کے متعلق ایک مصدقہ اطلاع پر انجام دی گئیں۔
قابل ذکر ہے کہ بلولے کھڈ میں 9 اپریل کی شام منشیات فروشوں کے حملے میں ایس ایچ او سمیت تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
