سری نگر، 25 ستمبر : امریکہ، ناروے،فلپائن، الجزائر، اسپین اور جنوبی افریقہ سمیت 15 ممالک کے سفارت کاروں کا ایک اعلیٰ سطحی وفد جموں وکشمیر میں ایک دہائی کے طویل عرصے کے بعد اسمبلی انتخابات کے لئے ہو رہی پولنگ عمل کا مشاہدہ کرنے کے لئے سری نگر پہنچا۔ذرائع نے بتایا کہ سری نگر پہنچنے پر اس وفد نے اوم پورہ بڈگام میں ایک پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا اور بعد میں لالچوک حلقے کے امرا کدل، ایس کالج اور چنار باغ پولنگ مراکز کا دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ایس پی کالج میں اس وفد کو خواتین کے لئے مخصوص ’پنک پولنگ مرکز‘ دیکھنے کا بھی موقع ملا۔
اس دوران ایک سفارت کار نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’میں یہاں وزارت امور خارجہ کی وفد کا ایک رکن ہوں اور ہم یہاں مختلف پولنگ مراکز کا دورہ کر رہے ہیں‘۔انہوں نے کہا: ’ہمارے یہاں آنے کا مقصد یہ دیکھنا ہے کہ یہاں جمہوریت زمینی سطح پر کس طرح کام کر رہی ہےاور یہاں آکر ہمیں بہت اچھا لگا‘۔ان کا کہنا تھا: ’یہاں جو پنک پولنگ مرکز قائم ہے اس کو دیکھ کر اچھا لگا پہلی بار ایسا پولنگ مرکز دیکھا جو زیادہ سے زیادہ خواتین ووٹرں کو ووٹ ڈالنے کی طرف راغب کرنے کا اچھا طریقہ ہے‘۔
موصوف سفارت کار نے کہا کہ ہم میں سے اکثر پہلی بار یہاں آئے ہیں۔قبل ازیں ذرائع نے بتایا کہ 15 ملکوں کے سفارت کاروں کا ایک اعلیٰ سطحی وفد آج یعنی بدھ کو پولنگ عمل کا مشاہدہ کرنے کے لئے کشمیر پہنچ رہا ہے۔انہوں نے کا اس وفد میں امریکہ، اسپین، ناروے، فلپائن، جنوبی افریقہ، جمہوریہ کوریا، روانڈا، الجزائر، نائجیریا، پاناما، صومالیہ، متحدہ جمہوریہ تنزانیہ، گیانا، میکسیکو اور سنگاپور کے سفارت کار شامل ہیں۔
بتادیں کہ جموں و کشمیر میں ایک دہائی کے طویل عرصے کے بعد منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لئے 26 حلقوں پر پولنگ شد ومد سے جاری ہے۔حکام نے پر امن اور صاف و شفاف پولنگ کو یقینی بنانے کے لئے وسیع تر انتظامات کئے ہیں۔اسمبلی انتخابات کا تیسرا اور آخری مرحلہ یکم اکتوبر کو منعقد ہوگا جبکہ ووٹوں کی گنتی 8 اکتوبر کو ہوگی۔
0