سری نگر، 13 اپریل (یو این آئی) آئی جی پی کشمیر، ودھی کمار بردی نے اتوار کے روز کہا کہ جموں و کشمیر پولیس منشیات سے منسلک دہشت گردی (نارکو ٹیررزم) کا موثر طور پر مقابلہ کر رہی ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے کہ خطے میں روزمرہ زندگی پرامن اور بلاتعطل جاری رہے۔
بیساکھی کے موقع پر چھٹی پادشاہی گرودوارہ کے دورے کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے، آئی جی پی نے کہا کہ پولیس فورس امن و امان کی بحالی اور عوام کو منشیات کے خطرات سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا:”جموں و کشمیر پولیس عوام کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ہم منشیات کے استعمال اور دہشت گردی کے خلاف مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں، اور یہ مہم پوری شدت سے جاری رہے گی۔ ہم کسی کو بھی نہ امن خراب کرنے دیں گے اور نہ ہی نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ کرنے کی اجازت دیں گے۔”
منشیات سے منسلک دہشت گردی کے خطرے پر روشنی ڈالتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ پولیس اس چیلنج کو نہایت سنجیدگی سے لے رہی ہے اور اس کے تدارک کے لیے “مشن موڈ” میں کام جاری ہے۔
آئی جی پی نے کہا:”گزشتہ دو برسوں کے دوران ہم نے منشیات فروشوں کے خلاف اپنی کارروائیوں کو خاصا تیز کیا ہے۔ بڑی تعداد میں ایف آئی آر درج کی گئی ہیں، کئی ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، اور قانونی کارروائی کے تحت ان کی جائیدادیں ضبط کی گئی ہیں۔”
وی کے بردی نے مزید کہا کہ پولیس کے ان اقدامات کا مقصد نہ صرف مجرموں کو کیفرِ کردار تک پہنچانا ہے بلکہ معاشرے کو منشیات اور اس سے جڑے مجرمانہ نیٹ ورکس کے اثرات سے محفوظ رکھنا بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس ایک ایسا محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے جہاں لوگ بلا خوف و خطر زندگی بسر کر سکیں، آزادانہ نقل و حرکت کریں اور اپنے معمولات انجام دے سکیں۔
