0

جموں و کشمیر کے نرلا میں دہشت گردوں سے انکاونٹر، دو جوان زخمی

جموں و کشمیر کے راجوری میں واقع نرلا میں دہشت گردوں کے ساتھ انکاونٹر کی خبر ہے۔ یہاں دہشت گردوں کے چھپے ہونے کی انٹلی جنس ان پٹ ملنے کے بعد اسپیشل آپریشن گروپ اور فوج کے جوانوں نے علاقے کو چاروں اطراف سے محاصرے میں لے لیا ہے۔ خود کو محصور دیکھ کر دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی جس کا سیکورٹی فورسز نے بھرپور جواب دیا۔ اس انکاونٹر میں دو فوجیوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے، جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ علاقے میں تین سے چار دہشت گرد چھپے ہو سکتے ہیں۔

انکاؤنٹر کے بارے میں معلومات فراہم کرتے ہوئے جموں ڈویزن کے اے ڈی جی پی مکیش سنگھ نے کہا کہ یہ انکاؤنٹر جموں خطہ کے راجوری ضلع کے نرلا علاقے میں ہوا ہے۔ دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کے بعد سیکورٹی فورسز کی جانب سے جوابی فائرنگ کی گئی۔ وہیں ایک دیگر افسر نے بتایا کہ ابتدائی فائرنگ میں ایک جوان زخمی ہوگیا، جس کے بعد دہشت گردوں کا خاتمہ کرنے کے لئے اضافی سیکورٹی فورسز کو علاقے میں بھیج دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے پیر کی شام کو جنگلاتی پتراڈا علاقے میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی شروع کی تھی اور دو افراد کی مشتبہ نقل و حرکت کو دیکھ کر کچھ راؤنڈ فائرنگ کی تھی۔ تاہم دونوں مشتبہ افراد اندھیرے اور گھنے پتوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے اور پیچھے ایک بیگ چھوڑ گئے، جسے سرچ ٹیموں نے کچھ کپڑوں اور دیگر اشیاء کے ساتھ برآمد کر لیا۔
افسران نے بتایا کہ ان دہشت گردوں کا سراغ لگانے کے لئے بمبیل اور نرلا سمیت آس پاس کے علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں بڑھا دی گئیں۔ حکام نے بتایا کہ آخری اطلاعات ملنے تک دونوں فریقین کے درمیان فائرنگ جاری تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں