سری نگر،9مئی(یو این آئی) محکمہ صحت و طبی تعلیم نے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) سری نگر اور اس سے منسلک اسپتالوں کے اُن تمام ملازمین کو، جو رخصت پر ہیں، فوری طور پر اپنی ڈیوٹی پر واپس آنے کی ہدایت دی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، جی ایم سی سری نگر اور اس کے تحت کام کرنے والے اسپتالوں میں طبی خدمات کو مؤثر بنانے کے لیے یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مریضوں کو درپیش دشواریوں اور عملے کی قلت کے پیش نظر تمام طبی و نیم طبی عملے کی حاضری کو یقینی بنانا ناگزیر ہو چکا ہے۔
محکمہ صحت نے رخصت پر موجود ملازمین کو متنبہ کیا ہے کہ اگر وہ فوری طور پر اپنی ڈیوٹی پر حاضر نہ ہوئے تو ان کے خلاف ضابطے کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق، موجودہ حالات کے پیش نظر اسپتالوں میں کام کا دباؤ بڑھ گیا ہے اور مریضوں کی مناسب دیکھ بھال کو یقینی بنانے کے لیے عملے کی مکمل موجودگی ضروری ہے۔
