جموں12جنوری(یو این آئی)جموں وکشمیر کے راجوری ضلع کے بدھل گاوں میں اتوار کے روزپر اسرار بیماری کی وجہ سے ایک اور بچہ جاں بحق جبکہ پانچ دیگر بے ہوش ہوئے جن میں سے تین کو گورنمنٹ میڈکل کالج جموں منتقل کیا گیا۔
بتادیں کہ اس پراسرار بیماری کی وجہ سے ابتک 9 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق راجوری کے بدھل گاوں میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب چھ بچے اچانک بیمار پڑ گئے اور انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر ایک جانبر نہ ہوسکا۔
گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کے ایک ڈاکٹر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بچے کی موت کیسے واقع ہوئی اس کی جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔
بتادیں کہ گزشتہ سال دسمبر کے مہینے میں راجوری کے بدھل گاوں میں پراسرار بیماری کی وجہ سے ایک ہی خاندان کے تین بچوں سمیت چار افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
ابھی تک اس پرا سرار بیماری کی وجہ سے 9افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ کئی ایک ہسپتالوں میں زیر علاج ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی راجوری تیجندر سنگھ ، ضلعی ترقیاتی کمشنر راجوری ابھشیک شرما اور ایس ایس پی راجوری فوری طورپر بدھل گاوں پہنچے اور وہاں پرحالات کا جائزہ لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ ضلعی ترقیاتی کمشنر کی ہدایت پر بدھل گاوں میں ایمبولنس گاڑیاں اور آشا ورکروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے تاکہ اگر کوئی بیمار پڑے تو اس کو فوری طورپر ہسپتال منتقل کیا جاسکے۔
ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں رہائش پذیر لوگوں کے سیمپل بھی اٹھائے گئے تاکہ یہ دیکھا جاسکے کہ بدھل علاقے میں کون سی پر اسرار بیماری پھوٹ پڑی ہے۔
انتظامیہ نے بدھل گاوں کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈاکٹروں پر بھروسہ رکھیں اور گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں۔