0

زیارت گاہوں پر عقیدت مندوں کے لئے تمام تر انتظامات کئے جا رہے ہیں: ڈاکٹر درخشاں اندرابی

سری نگر، 13 جون (یو این آئی) جموں وکشمیر وقف بورڈ کی چیئر پرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے عرس حضرت شاہ ہمدان (رح) کے موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وقف کے تحت زیارت گاہوں پر عقیدت مندوں کے لئے تمام تر انتظامات کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس میں انتظامیہ کا بھی بہت بڑا ہاتھ رہتا ہے۔
موصوف چیئر پرسن نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘جموں وکشمیر میں وقف بورڈ کے تحت جتنی بھی زیارت گاہیں ہیں ان میں عقیدت مندوں کو تمام تر سہولیات فراہم کی جا تی ہیں اور اس میں انتظامیہ کا بھی بڑا ہاتھ رہتا ہے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘انتظامیہ بجلی، پانی، ٹریفک کا انتظام کرتی ہے اور سیکورٹی کا بھی بھر پور بند وبست ہوتا ہے’۔
ڈاکٹر اندرابی نے کہا کہ آج حضرت شاہ ہمدان (رح) کا عرس پورے جموں وکشمیر میں منایا جاتا ہے کیونکہ جہاں بھی وہ تشریف لے گئے وہاں ان کی خانقاہیں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ نے زیارت گاہوں میں نیا انفراسٹرکچر قائم کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وادی میں عید الضحیٰ کے سلسلے میں سب سے بڑا اجتماع درگاہ حضرت بل میں ہوتا ہے جس کے لئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی جار ہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں