0

سری لنکا کے خلاف 110 رن سے ہندوستان کی شکست

کولمبو، 07 اگست (یو این آئی) اویشکا فرنینڈو (96) اور کوشل مینڈس (59) کی شاندار اننگز کے بعد دونیت ویلالگے (پانچ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت سری لنکا نے بدھ کے روز تیسرے ون ڈے میں ہندوستان کو کو 110 رنز سے شکست دی۔
اس کے ساتھ سری لنکا نے تین میچوں کی سیریز 2-0 سے جیت لی ہے۔
249 رن کے ہدف کے تعاقب میں اترنے والی ہندوستانی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ پانچویں اوور میں ہی اے فرنینڈو نے شبھمن گل (6) کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو پہلا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد آٹھویں اوور میں دونیت ویلالگے نے کپتان روہت شرما کو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ انہوں نے 20 گیندوں میں چھ چوکے اور ایک چھکا لگا کر (35) رن بنائے۔ ویراٹ کوہلی (20) بھی ویلالگے کا شکار بنے۔ رشبھ پنت (6)، شریاس ایر (8)، اکشر پٹیل (2)، ریان پراگ (15)، شیوم دوبے (9)، کلدیپ یادیو (6) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ واشنگٹن سندر نے 25 گیندوں پر 30 رنز کی اننگز کھیلی، تین چھکے اور دو چوکے لگائے۔ ہندوستانی بلے باز سری لنکا کے اسپن گیند بازوں کے سامنے ناکام ہوگئے اور پوری ٹیم 26.1 اوورز میں 138 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
سری لنکا کی جانب سے دونیت ویلالگے نے 5.1 اوورز میں 27 رن کے عوض پانچ بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ مہیش ٹیکشنا اور جیفری وینڈرسے نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ اسیتا فرنینڈو نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل آج سری لنکا کے کپتان چرتھ اسالنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان کو جیت کے لیے 249 رن کا ہدف دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں