سری نگر، 6 فروری (یو این آئی) معاشرے سے منشیات کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے جنگ کو وسیع پیمانے پر جاری رکھتے ہوئے پولیس نے سری نگر میں پانچ بدنام زمانہ منشیات فروشوں کے خلاف پی آئی ٹی – این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمے درج کئے ہیں۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے سری نگر میں 5 بدنام زمانہ منشیات فروشوں کے خلاف پی آئی ٹی – این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمے درج کئے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف سری نگر پولیس کے تیار کردہ ڈوزیئر کی بنیاد پر صوبائی کمشنر کشمیر سے باضابطہ نظر بندی کے احکامات حاصل کرنے کے بعد پی آئی ٹی – این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کئے گئے ہیں۔
ملزموں کی شناخت محمد طیب شیخ ولد مرحوم محمد شیخ ساکن سرنائی محلہ کائوڈارہ سری نگر، ابرار احمد مسگر عرف ابا ولد محمد الطاف مسگر ساکن شاہمدان کالونی لین نمبر 9 زکورہ سری نگر، میلاد بشیر بٹ ولد مرحوم بشیر احمد بٹ ساکن ڈولی پورہ کائو ڈارہ سری نگر، محمد رفیق پٹو ولد علی محمد ساکن شاہ محلہ احمد نگر سری نگر اور منیر احمد بٹ ولد مرحوم محمد رفیق بٹ ساکن سونہ وار سری نگر کے طور پر کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ منشیات فروشوں کو حراست میں لیا گیا ہے اور بعد میں سنٹرل جیل کوٹ بلوال، جموں، اودھم پور اور کٹھوعہ کی ضلعی جیلوں میں بند رکھا گیا۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ یہ منشیات فروش سری نگر کے نوجوانوں میں خطرناک پیمانے پر منشیات کی فروخت میں ملوث ہیں۔
انہوں نے کہا: ‘علاوہ ازیں یہ منشیات فروش سری نگر کے مختلف تھانوں میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے کئی مقدمات میں بھی ملوث تھے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعدد مقدمات درج ہونے کے باوجود انہوں نے عدالتوں سے ضمانت حاصل کرنے کے بعد بھی اپنی راہیں نہیں سدھریں اور اپنے غیر قانونی منشیات کے نیٹ ورک کے ذریعے وادی بالخصوص سری نگر کے نوجوانوں میں ڈھٹائی سے منشیات کو فروغ دے رہے تھے’۔
پولیس بیان میں مزید کہا گیا کہ پولیس نے پی آئی ٹی – این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات کے تحت ان کی جائیدادوں کو قرق کرنے کی کارروائی بھی شروع کر دی ہے۔
