سری نگر20جنوری(یو این آئی)شمالی کشمیر کے زالورہ سوپور میں ملی ٹینٹوں کی فائرنگ میں زخمی ہوا فوجی اہلکار ہسپتال میں دم توڑ بیٹھا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے زالورہ اور گجر پتی کے اردگرد علاقوں کو پوری طرح سے سیل کرکے فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق شمالی کشمیر کے زالورہ علاقے میں اتوار کی شام سے سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین رک رک کر فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹینٹ مخالف آپریشن کے دوران جوں ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا ۔
انہوں نے کہاکہ زخمی جوان کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ وہاں پر جانبرنہ ہو سکا۔
سری نگر نشین دفاعی ترجمان نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا :’سوپور کے زالورہ علاقے میں جاری مد بھیڑ میں ایک فوجی جوان شدید طورپر زخمی ہوا ہے۔ ‘
آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں انکاونٹر جاری تھا۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
