سری نگر،29اپریل(یو این آئی)شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں پولیس نے منگل کو ایک بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے ایک نامزد دہشت گرد کی غیر منقولہ جائیداد کو قرق کر لیا۔ یہ کارروائی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق قانون (یو اے پی اے) کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ جائیداد امتیاز احمد کانڈو ولد عبد الخالق کانڈو، ساکن کرال ٹینگ، سوپور کی ہے، جو یو اے پی اے کے تحت ایک نامزد دہشت گرد ہے۔
انہوں نے کہاکہ امتیاز احمد حزب المجاہدین نامی ممنوعہ تنظیم کا پاکستان میں سرگرم ایک اہم ہینڈلر مانا جاتا ہے، جو وادی میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کو منظم کرنے میں ملوث رہا ہے۔
یہ جائیداد سروے نمبر 780 کے تحت کرال ٹینگ، سوپور میں واقع ہے۔ اس کارروائی کا تعلق پولیس اسٹیشن سوپور میں درج ایف آئی آر نمبر 201/2013 سے ہے، جو دہشت گردانہ سرگرمیوں سے وابستہ ہے۔
پولیس اور ریونیو محکمے کی مشترکہ ٹیم نے اس کارروائی کو تعزیرات ہند کی دفعات 87 اور 88 کے تحت انجام دیا، جس کے لیے مجاز عدالت سے باقاعدہ منظوری حاصل کی گئی تھی۔
پولیس کے ایک ترجمان نے کہا:’یہ جائیداد دہشت گردوں کو پناہ دینے اور غیر قانونی سرگرمیوں میں معاونت کے لیے استعمال کی جا سکتی تھی، لہٰذا اسے ضبط کرنا لازمی سمجھا گیا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام سرحد پار بیٹھے دہشت گرد ہینڈلرز کے لیے ایک سخت پیغام ہے کہ وادی میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے والی ہر سہولت کو ختم کیا جائے گا۔
جموں و کشمیر پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ریاست میں امن و قانون کی بحالی، دہشت گردی کے ڈھانچے کو ختم کرنے اور قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھاتی رہے گی۔
اس کیس سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔
