نئی دہلی، 05 فروری (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج جموں و کشمیر میں تمام سیکورٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو آگے بڑھائیں تاکہ دراندازی کو مکمل طور پر روکا جا سکے مسٹر شاہ نے آج یہاں جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال پر ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ کل بھی انہوں نے جموں و کشمیر کی سیکورٹی صورتحال پر ایک اہم جائزہ میٹنگ کی تھی جس میں آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی اور مرکزی داخلہ سکریٹری سمیت کئی سینئر افسران نے شرکت کی۔
میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت جموں و کشمیر سے دہشت گردی کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی مسلسل اور مربوط کوششوں کی وجہ سے جموں و کشمیر میں دہشت گردی کا ماحولیاتی نظام نمایاں طور پر کمزور ہوا ہے۔ وزیر داخلہ نے تمام سیکورٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو صفر کی دراندازی کے مقصد سے آگے بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیکورٹی ادارے دراندازی اور دہشت گردی کے خلاف انتہائی سخت کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد دہشت گردوں کے وجود کو مکمل طور پر ختم کرنا ہے۔
مسٹر شاہ نے کہا کہ نارکو نیٹ ورک دہشت گردوں کو اپنی سرگرمیاں انجام دینے میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی تجارت سے حاصل ہونے والی رقم سے دہشت گردی کی فنڈنگ کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔
مسٹر شاہ نے ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ نئے فوجداری قوانین کے پیش نظر فارنسک سائنس لیبارٹری کے عہدوں پر نئی تقرری کریں۔
انہوں نے دہشت گردی سے پاک جموں و کشمیر کے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے مودی حکومت کی دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر زور دیا۔ انہوں نے تمام سیکورٹی ایجنسیوں کو الرٹ رہنے اور جموں و کشمیر میں دہشت گردی کو ختم کرنے کے لئے تال میل سے کام جاری رکھنے کی ہدایت دی۔
وزیر داخلہ نے جموں و کشمیر میں سیکورٹی کے تمام معیارات میں نمایاں بہتری لانے کے لئے سیکورٹی ایجنسیوں کی کوششوں کی تعریف کی۔
میٹنگ میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، مرکزی داخلہ سکریٹری، ڈائریکٹر انٹیلی جنس بیورو، جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری اور پولیس کے ڈائریکٹر جنرل سمیت وزارت داخلہ اور جموں و کشمیر انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔