0

صحت مند ذہن منشیات سے دور رہنے کے لئے بے حد ضروری: ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر

سری نگر، 10 اکتوبر (یو این آئی) ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر کا کہنا ہے کہ کشمیر میں منشیات کا استعمال کرنے والوں میں سے 70 فیصد افراد نس کے ذریعے نشہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صحت مند ذہن منشیات سے دور رہنے کے لئے انتہائی ضروری ہے۔موصوف ڈائریکٹر نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘ محکمہ سوشل ویلفیئر کے تعاون سے کی گئی ایک حالیہ تحقیق کے مطابق کشمیر میں 70 ہزار افراد میں سے 50 ہزار افراد نس کے ذریعے نشہ آور ادویات کا استعمال کرتے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا: ‘ذہنی صحت انتہائی اہم ہےکوئی بھی صحت خواہ وہ جسمانی صحت ہو، سماجی صحت ہو یا روحانی صحت ہو، سب ذہنی صحت پر ہی منحصر ہے’۔
ڈاکٹر مشتاق احمد نے کہا کہ جو ذہنی طور کمزور ہوتا ہے اکثر وہ ہی منشیات کی لت میں پڑ جاتا ہے چاہئے وہ تمباکو نوشی ہو یا دوسری چیزیں۔
انہوں نے کہا کہ صحت مند ذہن منشیات سے دور رہنے کے لئے بہت ضروری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر تمباکو نوشی کو کنٹرول کیا جائے گا تو دوسری متعلقہ بری عادتوں کو بھی قابو میں کیا جا سکتا ہے۔موصوف ڈائریکٹر نے کہا کہ ہر ایک ضلع میں منٹل ہیلتھ یونٹ قائم کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ایک تربیتی پروگرام تیار کیا گیا جس میں ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر متعلقہ عملے کو بھی تربیت دی جائے گی جس کے بہت ہی اچھے نتائج بر آمد ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں