سرینگر:۷ : 16اکتوبر2024کوبرسراقتدار عمر عبداللہ حکومت کا پہلا بجٹ اجلاس تقریباً ایک ماہ تک جاری رہنے کی امید ہے جس میں لیفٹنٹ گورنرکے خطاب، بجٹ، وزارتوں کی گرانٹس اور پرائیویٹ ممبروں کے بلوں اور قراردادوں پر بحث کے لئے قانون سازوں(ارکان اسمبلی) کو پورا وقت دیا جائے گا۔ اگرچہ جموں و کشمیر اب ایک مرکز کے زیر انتظام علاقہ ہے، یہاں مکمل وقفہ سوالات، وقفہ صفرر اور کال اٹینشن نوٹس ہوں گے اور کوئی کاروبار نہیں کٹے گا۔جے کے این ایس کے مطابق جموں وکشمیریوٹی کی اسمبلی کے پہلے اجلاس کا آغاز 3 مارچ2025 کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے مقننہ سے خطاب کےساتھ ہوگا۔قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر عبدالرحیم راتھر نے ایک انگریزی اخبار کوبتایا کہ وہ کیلنڈر کو حتمی شکل دے رہے ہیں اور اگلے2 سے 3 دنوں میں اسے جاری کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب اجلاس بلایا جائے گا، بزنس ایڈوائزری کمیٹی قائم کی جائے گی جو کاروباری شیڈول میں کسی قسم کی تبدیلی کی تجویز دے سکتی ہے۔توقع ہے کہ اسپیکر حکومت اور اپوزیشن کو مکمل وقت دیں گے۔ قانون سازوں کو بحث، سوالات اور دیگر مسائل کے علاوہ بلوں اور قراردادوں کو پیش کرنے کے لئے مناسب وقت ملے گا۔ بجٹ سیشن تقریباً ایک ماہ تک چلے گا۔چونکہ رمضان کا مقدس مہینہ بھی مارچ میں آ رہا ہے، توقع ہے کہ اسمبلی کی زیادہ تر ایک ہی نشستیں ہوں گی۔یونین ٹریٹریوں میں عام طور پر اسمبلی کے بہت چھوٹے اجلاس ہوتے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق، سبکدوش ہونے والی دہلی اسمبلی کی میٹنگ 5 سالوں میں صرف74 دن ہوئی جس کے سیشن 7 سے8 دن تک چلے۔ تاہم، جموں و کشمیر کے UT بننے کے بعد مقننہ کا یہ پہلا بجٹ اجلاس ہے اور عمر عبداللہ حکومت کی تشکیل کے بعد دوسرا بجٹ اجلاس ہے۔ پہلا سیشن پچھلے سال نومبر میں صرف5 دن چلا۔ذرائع کاحوالہ دیتے ہوئے انگریزی اخبارنے بتایا کہ قانون سازوں کے پاس مکمل سوالیہ وقت یعنی وقفہ سوالات اور زیرو آوریعنی وقفہ صفر ہوگا اور وہ کال اٹینشن نوٹس کی فہرست بھی دے سکتے ہیں۔ پرائیویٹ ممبران کی قراردادوں اور بلوں کے لیے الگ سے دن مقرر کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ سرکاری کاروبار کے لیے دن مختص کیے جائیں گے۔اسمبلی کے پاس لیفٹیننٹ گورنر کے خطاب، بجٹ اور تمام وزراءکے گرانٹ کے مطالبات پر شکریہ کی تحریک پر بحث کے لیے کافی دن ہوں گے۔تاہم، جموں و کشمیر میں وزیر اعلیٰ سمیت صرف 6 وزیر ہیں جب کہ جموں و کشمیر ریاست کے25 کے مقابلے میںایک یونین ٹریٹری کے طور پر9 وزیر ہو سکتے ہیں (قانون ساز اسمبلی کی کل تعداد کا 10 فیصد جو کہ فی الحال90 ہے کیونکہ5 ایم ایل ایز کو نامزد کیا جانا باقی ہے)۔ وزارت کی کونسل میں تین اسامیاں ہیں۔فی الوقت ہر وزیر کے پاس پانچ سے چھ محکموں کا چارج ہونے کی وجہ سے گرانٹس کے لئے ان کے مطالبات2 دن چل سکتے ہیں۔بجٹ جو وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ پیش کریں گے، جن کے پاس محکمہ خزانہ کا چارج ہے، اسے31 مارچ سے پہلے پاس کرنا ہوگا۔ تمام وزارتوں کے گرانٹس کے مطالبات ایوان سے منظور ہونے کے بعد بجٹ کو تخصیصی بل کی شکل میں پاس کیا جاتا ہے۔
