سری نگر14 اکتوبر:نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ 16اکتوبر کو عہدے اور راز داری کا حلف اٹھائیں گے۔
راج بھون سری نگر کی جانب سے جاری کئے گئے ایک حکم نامے کے مطابق عمر عبداللہ بدھ کے رو ز وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ جھیل ڈل کے کنارے پر واقع ایس کے آئی سی سی میں صبح ساڑھے گیارہ بجے کے قریب حلف برداری کی تقریب منعقد ہوگی۔
اس آرڈر میں مزید لکھا گیا ہے کہ گیارہ اکتوبر کو جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ ، کانگریس صدر طاریق قرہ ، سی پی آئی ایم کے سیکریٹری جی این ملک، عام آدمی پارٹی کے قومی سیکریٹری پنکج کمار گھپتا اور آزاد ممبران اسمبلی پیارے لال شرما ، ستیش شرما، چودھری اکرم ، ڈاکٹر رامیشور سنگھ اور مظفر اقبال خان کی طرف سے حمایتی خط موصول ہوا۔
راج بھون نے عمر عبداللہ اور اس کی حکومت میں شامل وزراءکو حلف اٹھانے کے لئے بدھ کے روز ساڑھے گیارہ بجے ایس کے آئی سی سی میں مدعو کیا ہے۔
دریں اثنا نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے ایکس پر لکھا :’راج بھون کے پرنسپل سیکریٹری نے حکومت تشکیل دینے کی خاطر مدعو کیا ہے۔ ‘
یو این آئی
0