0

غزہ میں اسپتال پر بمباری، سینکڑوں افراد ہلاک

یروشلم، 18 اکتوبر (یو این آئی) فلسطینی انکلیو میں الاھلی عربی بیپٹسٹ اسپتال پر فضائی حملے میں سیکڑوں افراد مارے گئے۔

غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ یہ فضائی حملہ اسرائیل نے منگل کو کیا تھا، جب کہ اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس کے لئے اسلامی جہاد تنظیم ذمہ دار ہے۔

اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے سوشل میڈیا ایکس پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں کہا، “ہمارے پاس موجود متعدد ذرائع سے موصول ہونے والی انٹیلی جنس کے مطابق، اسلامی جہاد دہشت گرد تنظیم اسپتال پر حملے کی ذمہ دار ہے۔ یہ اسرائیل کو نشانہ بنانے والے ناکام راکٹ لانچ کا نتیجہ ہے۔”

مصر، لیبیا، لبنان، یمن، اردن اور ترکی سمیت کئی عرب اور علاقائی ممالک نے فضائی حملوں پر اسرائیل کی مذمت کی ہے۔ اس حملے کے بعد فلسطینی صدر محمود عباس نے اردن کے شہر عمان میں ہونے والے سربراہی اجلاس میں شرکت کا اپنا منصوبہ منسوخ کر دیا ہے۔ اس سمٹ میں ان کی اردن کے شاہ عبداللہ دوم، مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقات متوقع تھی۔

دوسری جانب مسٹر بائیڈن کی بدھ کو تل ابیب پہنچنے اور کانفرنس میں شرکت کے لیے اردن جانے سے قبل اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو اور رسمی صدر اسحاق ہرزوگ سے ملاقات متوقع ہے۔ کان ٹی وی نیوز چینل کے مطابق مسٹر بائیڈن کے پروگرام میں اسرائیل کی جنگ کے وقت کی نئی کابینہ کے ساتھ ملاقات بھی شامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں