0

غزہ کو ہنگامی بنیادوں پر ایندھن،طبی سامان اور خوراک پہنچائی جائے:گوٹیرش

اقوام متحدہ، 12 اکتوبر (یو این آئی)اقوام متحدہ کےسیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرش نے غزہ کی پٹی میں طبی سازوسامان، خوراک، ایندھن اور دیگر امداد پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ امدادی کارکنوں کی علاقے میں رسائی یقینی بنائی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ غزہ میں امداد کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
سیکرٹری جنرل نے تنازعے کے تمام فریقین سے کہا کہ وہ غزہ کی پٹی میں بے یارومددگار فلسطینیوں کو ہنگامی مدد فراہم کرنے کے لیے اقوام متحدہ سے تعاون کریں۔انہوں نے عالمی برادری سے اس کوشش کے لیے فوری طور پر امداد جمع کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔
انتونیو گوتیرش نے کہا کہ وہ خود اور مشرق وسطیٰ امن عمل کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ کار اور خطے کے رہنماؤں سے رابطے میں ہیں تاکہ تنازعے کو خطے میں وسیع پیمانے پر پھیلنے سے روکا جا سکے۔
گوتیرش نے کہا ہے کہ انہیں فلسطینی لوگوں کی جائز شکایات اور اسرائیل کے اپنی سلامتی کے حوالے سے خدشات کا احساس ہے تاہم فریقین شہریوں کا تحفظ یقینی بنائیں اور خونریزی، نفرت اور تقسیم کا خاتمہ کریں۔
سیکرٹری جنرل نے مسلح گروہوں کی جانب سے اسرائیل کے 100 سے زیادہ شہریوں اور فوجیوں بشمول خواتین، بچوں اور بوڑھوں کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے حملوں کے جواب میں اسرائیل کی جانب سے غزہ پر فضائی بمباری میں خواتین اور بچوں سمیت 1200 سے زیادہ فلسطینیوں کی اموات اور 5000 سے زیادہ لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
سیکرٹری جنرل نے تنازعے کے فریقین سے ایسے اقدامات سے باز رہنے کو کہا جہاں سے واپسی نہ ہو سکے اور جن سے انتہاپسند مضبوط ہوں اور پائیدار امن کے حصول کے امکانات ختم ہونے کا اندیشہ ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں