0

مرکزی حکومت نے کی سال 2025 کی حج پالیسی جاری

پرائیویٹ کوٹے میں10فیصد اضافہ، سرکاری کوٹہ10 فیصد کم
نئی پالیسی میں65 سال سے زیادہ عمر کے درخواست دہندگان کو ترجیح
سری نگر:۷، اگست:جے کے این ایس : مرکزی حکومت نے سال 2025 کی حج پالیسی جاری کر دی ہے۔ اس کے مطابق حج کمیٹی کا کوٹہ اب کم کر کے70 فیصد کر دیا گیا ہے۔جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق نئی حج پالیسی کے مطابق ہندوستان کے لیے مختص عازمین حج کے کل کوٹہ کا 70 فیصد حصہ حج کمیٹی آف انڈیا سنبھالے گی۔ اس کے ساتھ ہی باقی 30 فیصد کوٹہ پرائیویٹ حج گروپ آرگنائزرز کو دیا جائے گا۔ آپ کو بتا دیں کہ گذشتہ سال حج پالیسی میں یہ کوٹہ 80اور20فیصدکے تناسب سے تھا۔ نئی حج پالیسی میں65 سال سے زیادہ عمر کے درخواست دہندگان کو ترجیح دی گئی ہے۔2024 کی حج پالیسی میں ترجیح کا حکم 70 سال سے زیادہ عمر کے درخواست دہندگان، محرم کے بغیر سفر کرنے والی خواتین اور عام زمرے کے لئے تھا۔ اب 2025 کے لیے جاری کی گئی نئی پالیسی میں65 سال سے اوپر کے درخواست دہندگان، محرم کے بغیر سفر کرنے والی خواتین اور عام زمرے کےلئے ترجیحات کی ترتیب تبدیل کر دی گئی ہے۔ 2024 میں عازمین حج کے لیے ہندوستان کا کوٹہ ایک لاکھ75ہزاراور25تھا ،اب اس میں 10 فیصد کمی کی جائے گی۔ اس تناظر میں تقریباً 17500 عازمین سرکاری کوٹے سے حج نہیں کر سکیں گے۔نئی پالیسی کے تحت سعودی عرب میں حج کے دوران عازمین کی مدد کے لیے بھیجے جانے والے خادم الحجاج کے عہدے کا نام بدل دیا گیا ہے۔ حج ملازمین کو اب اسٹیٹ حج انسپکٹر کے نام سے جانا جائے گا۔ حج کمیٹیوں کو اکثر شکایات موصول ہوتی ہیں کہ عہدے کا نام خادم الحجاج ہونے کی وجہ سے ایسے عازمین کو یہ محسوس ہوتا ہے کہ انہیں نوکر بنا کر بھیجا گیا ہے۔ خادم نام ہونے کی وجہ سے دوسرے عازمین ان سے اپنا ذاتی کام کرنے کو کہتے تھے اور اگر وہ ایسا نہیں کرتے تھے تو وہ حکومت سے شکایت کرنے کی دھمکی بھی دیتے تھے۔ نئی حج پالیسی میں ان کا عہدہ تبدیل کر کے انہیں عزت دی گئی ہے۔قابل ذکر ہے کہ حج اسلام کا پانچواں بنیادی رکن ہے۔ سفر حج اور خانہ کعبہ کا دیدار ہر مسلمان کی دلی خواہش ہوتی ہے۔ تاہم ہر سال محدود تعداد میں لوگوں کو حج کی اجازت دی جاتی ہے۔ اس کی بڑی وجہ دنیا بھر سے آنے والی بے شمار درخواستیں ہیں۔ اسی کے پیش نظر حکومت کی طرف سے حج پالیسی کا اعلان کیا جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں