0

معروف صوفی خاتون زبیدہ عرف ’زب صاب‘ انتقال کر گئیں، نماز جنازہ میں سروں کا سیلاب

سری نگر،21جون(یو این آئی)وسطی کشمیر کے چرار شریف قصبے سے تعلق رکھنے والی معروف صوفی خاتون زبیدہ عرف’ زب صاب‘ زندگی کی سو بہاریں دیکھنے کے بعد انتقال کر گئیں۔ہزاروں لوگوں نے صوفی خاتون کی نماز جنازہ میں شرکت کی جس دوران رقعت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ چرار شریف سے تعلق رکھنے والی نامور صوفی خاتون زبیدہ عرف ’زب صاب‘ جمعے کی صبح داعی اجل کو لبیک کہہ گئیں۔انہوں نے بتایا کہ صوفی خاتون کے انتقال کرجانے کی خبر پھیلتے ہی لوگوں کی ایک بڑی تعداد چرار شریف وارد ہوئی۔ان کے مطابق بعد نماز جمعہ ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے صوفی خاتون کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
نماز جنازہ کی پیشوائی کاروان اسلامی کے سربراہ غلام رسول حامی نے کی اور بعد ازاں صوفی خاتون کو پر نم آنکھوں کے ساتھ سپرد لحد کیا گیا۔نامہ نگار نے بتایا کہ لوگوں کی بھیڑ کا یہ عالم تھا کہ چرار شریف آستانہ عالیہ کے احاطے میں تل دھرنے کی بھی جگہ نہیں تھی ۔
دریں اثنا بزرگ خاتون کے فرزند میر نیاز احمد نے یو این آئی اردو کو بتایا :’ان کی والدہ سو برس کی تھیں اورپچھلے ستر برسوں سے وہ لوگوں کی خدمت کے لئے پیش پیش رہا کرتی تھیں۔ ‘
ان کا مزید کہنا کہ ملک کی مختلف ریاستوں کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر کے اطراف واکناف سے لوگ ان سے ملنے کے لئے آیاکرتے تھے۔
ایک مقامی شہری فیاض احمد نے بتایا کہ زبیدہ عرف زب صاب کے ساتھ لوگوں کو والہانہ عقیدت و محبت تھی۔انہوں نے کہاکہ وہ پچھلے ستر برسوں سے صوفی ازام کے ساتھ جڑی ہوئی تھیں اور جموں وکشمیر کے ساتھ ساتھ ملک کی مختلف ریاستوں سے بھی لوگ چرار شریف آکر ان سے ملاقی ہوا کرتے تھے۔
یو این آئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں