0

مقامی آبادی کے تعاون واشتراک کے بغیرحالات کومعمول پر لانا اور دہشت گردی کاخاتمہ کرنا ممکن نہیں:وزیراعلیٰ عمر عبداللہ

سرینگر:۶،فروری : جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو کہا کہ بلاور اور بارہمولہ کے واقعات افسوسناک ہیں اور ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔انہوںنے کہاکہ دونوں واقعات کو مرکز کے ساتھ اٹھایاگیاہے ۔جے کے این ایس کے مطابق سماجی رابطہ گاہ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ اس نے بلاور میں پولیس کی حراست میں مکھن دین کے ضرورت سے زیادہ طاقت کے استعمال اور ہراساںکئے جانے کی رپورٹیں دیکھی ہیں جس کی وجہ سے اس نے خودکشی کی اور بارہمولہ میںوسیم احمد کی موت، ایسے حالات میں فوج کی طرف سے گولی مار دی گئی جو پوری طرح واضح نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دونوں واقعات انتہائی افسوسناک ہیں اور ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے واضح کیاکہ جموں و کشمیرکی مقامی آبادی کے تعاون اور شراکت کے بغیرحالات کبھی بھی مکمل طور پر معمول پر نہیں آسکتے ہیںاورجموں وکشمیر دہشت گردی سے پاک نہیں ہو سکتا۔ انہوںنے مزیدکہاکہ اس طرح کے واقعات ان لوگوں کو الگ کر دیتے ہیں جنہیں مکمل معمول پر لانے کےلئے ہمیں اپنے ساتھ لے جانے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہاکہ میں نے ان واقعات کو مرکزی حکومت کے ساتھ اٹھایا ہے اور اس بات پر اصرار کیا ہے کہ دونوں واقعات کی انکوائری مقررہ وقت میں، شفاف طریقے سے کی جائے۔ جموں و کشمیر میں حکومت بھی اپنی انکوائری کا حکم دے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں