سری نگر7 فروری (یو این آئی)شمالی کشمیر کے محبوس ممبر پارلیمان انجینئر رشید کی بھوک ہڑتال آٹھویں دن بھی جاری رہی جس وجہ سے ان کی صحت بگڑگئی اوراب انہیں نئی دہلی کے رام منوہر لوہیا ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
عوامی اتحاد پارٹی کے ایک ترجمان نے کہاکہ تہاڑ جیل میں مقید پارلیمانی رکن انجینئر رشید کی بھوک ہڑتال جاری رہنے کی وجہ سے ان کی صحت پر برے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ صحت خراب ہونے کے بعد انجینئر رشید کو علاج ومعالجہ کی خاطر نئی دہلی کے رام منوہر لوہیا ہسپتال میں داخل کرنا پڑا۔
عوامی اتحاد پارٹی کے ترجمان اعلیٰ انعام النبی نے کہا :’انجینئررشید کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ ‘
انہوں نے حکام سے اپیل کی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ انجینئر رشید کو بہتر طبی سہولیات بہم رکھی جائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم حکومت اور متعلقہ حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ اس مسئلے کی اور اپنی توجہ مبذول کریں تاکہ انجینئر رشید کو انصاف کی فراہمی یقینی بن سکے۔
انعام النبی نے کہا ہم عدالتی نظام پر اپنے غیر متزلزل یقین کا اعادہ کرتے ہیں اورا س کیس کو انسانیت کی بنیاد پر فوری حل کا بھی مطالبہ کرتے ہیں۔
ممبر پارلیمنٹ انجینئر رشید پارلیمنٹ اجلاس میں شرکت کی اجازت نہ دینے کے خلاف گزشتہ جمعے سے تہاڑ جیل میں بھوک ہڑتال پر ہیں۔
انجینئر رشید نے بھوک ہڑتال کے بارے میں لوک سبھا کے سپیکر اوم برلا کو بھی مکتوب روانہ کیا ہے۔