0

مودی کشمیر میں یوگا ڈے میں شرکت کریں گے، ریاست کو تین ہزار کروڑ سے زیادہ کے پروجیکٹ بھی ملیں گے

نئی دہلی، 19 جون : وزیر اعظم نریندر مودی بین الاقوامی یوگا ڈے کی تقریبات میں شرکت کے لیے کل جموں و کشمیر کے دو روزہ دورے پر جائیں گے، جہاں وہ 3000 کروڑ روپے سے زیادہ کی 80 سے زیادہ ترقیاتی اسکیموں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔

وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق مسٹر مودی جمعرات کی شام سری نگر کے شیر کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر میں ‘یوتھ امپاورمنٹ، جموں و کشمیر میں تبدیلی’ پروگرام میں حصہ لیں گے۔ وہ جموں و کشمیر میں کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے اور زراعت اور اس سے متعلق شعبوں میں مسابقتی بہتری کے پروجیکٹ کا بھی آغاز کریں گے۔

مسٹر مودی جمعہ کی صبح سری نگر میں 10ویں بین الاقوامی یوگا ڈے پروگرام میں حصہ لیں گے۔ وہ اس موقع پر لوگوں سے خطاب کریں گے اور پھر یوگا سیشن میں حصہ لیں گے۔

وزیر اعظم مرکز کے زیر انتظام علاقے میں 1500 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت والے 84 بڑے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور ان کا افتتاح کریں گے۔ ان میں روڈ انفراسٹرکچر، واٹر سپلائی اسکیموں اور اعلیٰ تعلیم میں انفراسٹرکچر وغیرہ سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔ مزید برآں، وزیر اعظم چنانی-پٹنی ٹاپ-ناشری سیکشن کی بہتری، انڈسٹریل اسٹیٹ کی ترقی اور چھ سرکاری ڈگری کالجوں کی تعمیر کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

وزیر اعظم زراعت اور متعلقہ شعبوں میں 1800 کروڑ روپے کے مسابقتی بہتری کے پروجیکٹ کا بھی آغاز کریں گے۔ یہ منصوبہ جموں و کشمیر کے 20 اضلاع کے 90 بلاکس میں لاگو کیا جائے گا اور اس سے 15 لاکھ استفادہ کنندگان کے ساتھ تین لاکھ گھرانوں کا احاطہ کیا جائے گا۔

وزیراعظم سرکاری ملازمت میں تعینات دو ہزار سے زائد افراد میں تقرری کے لیٹر بھی تقسیم کریں گے۔ یہ پروجیکٹ نوجوانوں کو بااختیار بنائیں گے اور جموں و کشمیر میں بنیادی ڈھانچے کو اپ گریڈ کریں گے۔

مسٹر مودی دسویں بین الاقوامی یوگا ڈے کے موقع پر جمعہ کو سری نگر میں بین الاقوامی یوگا ڈے کی تقریبات کی قیادت کریں گے۔ اس سال کا ایونٹ نوجوان ذہنوں اور جسموں پر یوگا کے گہرے اثرات کو اجاگر کرتا ہے۔ اس میلے کا مقصد یوگا کی مشق کے ذریعے ہزاروں لوگوں کو متحد کرنا، عالمی سطح پر صحت اور تندرستی کو فروغ دینا ہے۔

سال 2015 سے لے کر اب تک وزیر اعظم نے دہلی، چندی گڑھ، دہرادون، رانچی، لکھنؤ، میسور اور یہاں تک کہ نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر جیسے مختلف باوقار مقامات پر بین الاقوامی یوگا ڈے کی تقریبات کی قیادت کی ہے۔

اس سال کے یوگا ڈے کا تھیم ’یوگا فار سیلف اینڈ سوسائٹی‘ انفرادی اور سماجی بہبود کو فروغ دینے میں یوگا کے دوہرے کردار کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ تقریب نچلی سطح پر شرکت اور دیہی علاقوں میں یوگا کے پھیلاؤ کی حوصلہ افزائی کرے گی۔

یو این آئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں