0

موسم کی خرابی سے میوہ باغات اور کھڑی فصلوں کو نقصان ، متاثرین کو فوری امداد فراہم کیا جائے: نیشنل کانفرنس

سری نگر،16اکتوبر(یو این آئی) نیشنل کانفرنس نے وادی میں موسم کی خرابی سے ہوئے نقصان پر تشویش اور افسوس کا اظہار کیاہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین کی فوری امدادکاری کیلئے ٹھو س اقدامات اٹھائے جائیں ۔ نیشنل کانفرنس نے وادی میں مسلسل بارشوں ، قہر انگیز ڑالہ باری اور قبل از وقت برفباری سے میوہ باغات، فصلوں اور ساگزاروں کو ہوئے نقصان پر دکھ کا اظہار کیاہے ۔ پارٹی لیڈران نے کہا کہ موسم کی خرابی سے کسانوں اور مالکانِ باغات کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے ۔ ڑالہ باری سے جہاں سیب اور دیگر پھلوں کو زبردست نقصان پہنچا ہے وہیں برفباری سے پھلوں کے پیڑ اکھر آئے ہیں اور پھلوں سے بھرے شاخ بھی ٹوٹ گئے ہیں ۔ ایسے ہی دھان کی فضل اور ساگزاروں کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے ۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ شدید بارشوں ، ڑالہ باری اور برفباری سے کسانوں کی فصلوں کو ہوئے نقصان کا ایک با اختیار کمیٹی کے ذریعہ تخمینہ لگا کر غریب عوام کو معقول اور مناسب معاوضہ دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ برسوں حکومت ایسی صورتحال سے متاثر ہوئے لوگوں کی امدادکاری سے قاصر ہے اور خدانخواستہ کہیں امداد دی بھی گئی تو وہ اتنی کم تھی کہ وہ متاثرین کیساتھ ایک مذاق ثابت ہوا ۔ پارٹی لیڈران نے حکومت پر زور دیا کہ موسم کی خرابی کو بہانہ بنا کر بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی بندکیاجائے اور صارفین کو معقول اور مناسب بجلی سپلائی فراہم کرنے کیلئے ٹھو س اقدامات اٹھائے جائیں ۔ یو این آئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں