مکہ مکرمہ ، 24 مئی (یو این آئی) سعودی عرب میں دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں مناسک حج کی ادائیگی کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مشاعر مقدسہ میں عازمین حج کو گرمی سے محفوظ رکھنے کیلیے میدان عرفات کو جانے والے راستوں پر بڑی تعداد میں درخت لگائے گئے ہیں۔سعودی میڈیا کے مطابق میدان عرفات جانے والے تمام راستوں پر جگہ جگہ شیڈز لگائے گئے ہیں، علاوہ ازیں وادی مزدلفہ اور دیگر مقامات پر روشنی کا مناسب انتظام کیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق میدان عرفات اور وادی منیٰ کے مختلف مقامات پر ہر 500 میٹر بعد سروس سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں فرسٹ ایڈ اور دیگر سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔ترقیاتی منصوبے کے تحت 15 ہزار مربع میٹر رقبے پر سبزہ لگایا گیا ہے جن میں پودے اور گھاس وغیرہ شامل ہے جس سے ماحول خوشگوار ہو سکے گا۔مختلف مقامات پر 240 پھوار والے ٹاور، 12 بڑی چھتریاں اور 14 تجارتی مراکز تعمیر کیے گئے ہیں۔میدان عرفات سے مزدلفہ جانے کے لیے لچکدار راستے بنائے گئے ہیں،جسے گزشتہ برس تجرباتی طورپر بنایا گیا تھا تاہم اس سال اس کے دوسرے مرحلے کو مکمل کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں حج سیزن 2025 کیلیے دنیا بھر سے عازمین حج کے قافلے روزانہ کی بنیاد پر مقدس سرزمین کا رخ کررہے ہیں.
