سری نگر:۳۲،اکتوبر : کشمیر ٹریڈ الائنس نے حال ہی میں متعارف کرائی گئی جی ایس ٹی ایمنسٹی اسکیم کا خیرمقدم کیا ہے، جو تاریخی ٹیکس تنازعات میں مبتلا تاجروں کو اہم ریلیف فراہم کرتی ہے۔ایک بیان میں کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدرنے کہاکہ یہ اسکیم مالیاتی ایکٹ (نمبر 2) 2024 کے ذریعے نافذ کی گئی ہے اور اسے مرکزی اشیا و خدمات کے ٹیکس ایکٹ 2017 کے سیکشن 128A میں شامل کیا گیا ہے، جس میں جولائی 2017 سے مارچ 2020 کے دوران کے طلبی نوٹسوں کے لئے سود اور جرمانے کی مشروط ایمنسٹی فراہم کی گئی ہے۔KTA کے صدر اعجاز شہدار نے اس اسکیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت نے ان فوائد تک رسائی کے لئے واضح رہنما خطوط قائم کئے ہیں، جو 8 اکتوبر 2024 کو متعارف کرائے گئے اور یہ مرکزی اشیا و خدمات کے ٹیکس کے قواعد2017 کے قاعدہ 164 کے تحت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مزید تفصیلی رہنمائی 15 اکتوبر 2024 کو جاری کردہ سرکلر نمبر 238/32/2024 کے ذریعے فراہم کی گئی۔شہدارنے کہا کہ کے ٹی اے فعال طور پر ان تاجروں کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے جنہوں نے ٹیکس کی عدم ادائیگی یا قلیل ادائیگی، ان پٹ ٹیکس کریڈٹ (ITC) کے غلط استعمال، سیکشن 73(1) کے تحت معاملات، اور فارم ڈی آر سی -02 میں جاری کردہ بیانات کے لئے وجہ بتاو نوٹس حاصل کئے ہیں، کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔کے ٹی اے نے تجارتی کمیونٹی کو حالیہ اپ ڈیٹس اور ایمنسٹی اسکیم کے تحت تعمیل کے طریقہ کار کے بارے میں آگاہی مہمیں چلانے کے لئے تجارتی ٹیکس کے محکمے سے درخواست کی ۔
0