جموں،9اکتوبر(یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی جنرل سکریٹری اور جموں و کشمیر انچارج ترن چُگ نے نیشنل کانفرنس (این سی) حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اقتدار کے پہلے سال مکمل ہونے پر اپنی کارکردگی رپورٹ عوام کے سامنے پیش کرے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت عوامی وعدوں کو پورا کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے اور دوہرے نظام کے مسئلے کو صرف اپنی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے اچھالا جا رہا ہے۔
ترن چُگ نے جمعرات کو جموں میں بی جے پی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پارٹی اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میری وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے گزارش ہے کہ وہ عوام کو اپنی حکومت کی رپورٹ دکھائیں، جس کا پہلا سال اگلے ہفتے مکمل ہو رہا ہے۔ عوام یہ جاننا چاہتے ہیں کہ اُن سے جو وعدے انتخابی مہم کے دوران کیے گئے تھے، ان میں سے کتنے پورے ہوئے۔
بی جے پی لیڈر نے دعویٰ کیا کہ جموں و کشمیر کی کابینہ کی جانب سے عوامی مفاد میں لیے گئے 95 فیصد فیصلوں کی لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے فوراً منظوری دی، اور ایسا کوئی بھی فیصلہ زیر التوا نہیں رکھا گیا جو عوامی فلاح کے حق میں ہو۔
انہوں نے کہا، ’یہ حکومت صرف اقتدار کا مزہ لوٹنے میں مصروف ہے، عوامی فلاح یا ترقی کی فکر نہیں کر رہی۔ یہاں تک کہ اپریل 22 کے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد سیاحت بری طرح متاثر ہوئی، لیکن حکومت نے اس شعبے کی بحالی کے لیے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا۔‘
ترن چُگ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی دونوں جماعتیں غیر ضروری تنازعات پیدا کر کے عوام کو اصل مسائل سے دور رکھنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا، ’عمر عبداللہ دراصل ایک ایسی حکومت چلا رہے ہیں جو عوام سے کیے گئے وعدوں کو بھول چکی ہے۔ پانچ سالہ مدت میں سے بیس فیصد وقت گزر چکا ہے، لیکن عوامی توقعات پر کوئی پیش رفت نہیں دیکھی گئی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی جموں و کشمیر میں ہونے والے اسمبلی کے ضمنی انتخابات اور چار راجیہ سبھا نشستوں کے انتخابات میں پوری قوت کے ساتھ حصہ لے گی۔
0
