نئی دہلی۔ 27؍ مارچ۔وادی کشمیر اور ملک کے باقی حصوں کے درمیان تاریخی ریل لنک کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی 19 اپریل کو کریں گے جب وہ کٹرا سے وادی کے لیے خصوصی طور پر بنائے گئی وندے بھارت کو جھنڈی دکھائیں گے۔اطلاعات کے مطابق ٹرین شری ماتا ویشنو دیوی کے بیس کیمپ کٹرا سے روانہ ہوگی۔ابتدائی طور پر یہ ٹرین شمالی کشمیر میں کٹرا اور بارہمولہ کے درمیان چلائی جائے گی اور مختلف مقامات سے وادی جانے والے مسافروں کو کٹرا میں ٹرینیں بدلنی ہوں گی۔ جموں ریلوے اسٹیشن کی توسیع اگست تک مکمل ہونے کے بعد جموں سے کشمیر جانے والی ٹرینیں چلیں گی۔کٹرا سے کشمیر جانے والی پہلی ٹرین کو ہری جھنڈی دکھانے سے پہلے مودی کے چناب پل کا دورہ کرنے کا امکان ہے جو دنیا کے بلند ترین ریلوے پلوں میں سے ایک ہے۔ انجینئرنگ کا یہ کمال اودھم پور-سری نگر-بارہمولہ ریل لنک (USBRL) پروجیکٹ کا ایک اہم جزو ہے۔اس کے بعد، وزیر اعظم کشمیر کے لیے افتتاحی ٹرین کو ہری جھنڈی دکھانے کے لیے کٹرا جائیں گے۔ توقع ہے کہ وہ نئی دہلی واپس آنے سے قبل ایک عوامی ریلی سے بھی خطاب کریں گے۔ریلوے کے اعلیٰ افسران نے ریل لنک کے حفاظتی پہلوؤں کا اچھی طرح سے جائزہ لیا ہے۔ ریلوے بورڈ کے چیئرمین نے حال ہی میں چناب پل اور دیگر حفاظتی اجزاء کا دورہ کیا اور بعد میں یہاں ایک میٹنگ میں مرکزی داخلہ سکریٹری کو صورتحال کی اطلاع دی۔
