0

وزیراعظم کا دورہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے فخر کی بات۔منوج سنہا

سری نگر ۔ 19؍ جون۔ یوگا کے عالمی دن کے سلسلے میں یوگا پروگرام میں شرکت کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کے سری نگر کے دورے سے قبل، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کو کہا کہ وزیر اعظم کا دورہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے فخر کی بات ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی 20 جون سے سری نگر کے دو روزہ دورے پر ہوں گے۔ ایک خصوصی بات چیت میں شری سنہا نے کہا، “جیسا کہ آپ سب جانتے ہیں، 21 جون کو یوگا ڈے کے طور پر منایا جائے گا۔ یہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے فخر کی بات ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی 21 جون کو بین الاقوامی یوگا ڈے پر 7000 سے زیادہ لوگوں کے ساتھ سری نگر میں ڈل جھیل کے قریب یوگا کریں گے۔ جموں و کشمیر انتظامیہ اور آیوش وزارت نے کئی اضلاع سے لوگوں کو بھی مدعو کیا ہے۔” ایل جی نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں یوگا کی مقبولیت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ “گزشتہ 10 سالوں میں، جموں اور کشمیر میں یوگا کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے… پچھلے 10 سالوں میں، 23 کروڑ سے زیادہ لوگوں نے یوگا کیا ہے۔ سنہا کو یہ بھی امید ہے کہ وزیر اعظم کی موجودگی جموں و کشمیر میں سیاحوں کی آمد میں اضافہ کا باعث بنے گی۔جموں و کشمیر میں بھی پچھلے سال تقریباً 23 لاکھ لوگوں نے یوگا ڈے میں حصہ لیا تھا۔ اور مجھے یقین ہے کہ پی ایم مودی کی موجودگی کی وجہ سے یہ تعداد بڑھے گی۔ مجھے یقین ہے کہ ان کی موجودگی کی وجہ سے سیاحوں کی آمد میں بھی اضافہ ہوگا۔آٓیوش کی وزارت کے ذریعہ طے شدہ یوگا ڈے کے موضوع پر بات کرتے ہوئے سنہا نے کہا، “اس سال کا تھیم یوگا فار سیلف اینڈ سوسائٹی ہے، اور مجھے لگتا ہے کہ جموں و کشمیر، ہندوستان اور دنیا کو ایک اچھا پیغام پہنچے گا۔” آیوش کی وزارت کے سکریٹری ویدیا راجیش کوٹیچا نے کہا تھا کہ اس سال یوگا کا مرکزی پروگرام سری نگر میں ہوگا اور وزیر اعظم مودی اس میں شرکت کریں گے۔ یوگا ایک قدیم جسمانی، ذہنی اور روحانی مشق ہے جس کی ابتدا ہندوستان میں ہوئی۔ لفظ ‘ یوگا’ سنسکرت سے ماخوذ ہے اور اس کا مطلب ہے جوڑنا یا متحد ہونا، جسم اور شعور کے اتحاد کی علامت ہے۔ 2015 سے یوگا کا عالمی دن ہر سال 21 جون کو پوری دنیا میں منایا جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں