0

وزیر اعظم جموں میں آج ایک انتخابی ریلی سے خطاب کریں گے

جموں، 27 ستمبر : وزیر اعظم نریندر مودی آج کثیر الجہتی سیکورٹی بندوبست کے بیچ یہاں مولانا آزاد اسٹیڈیم میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کریں گے۔تین مرحلوں پر محیط اسمبلی انتخابات کے دوران یہ وزیر اعظم کا چوتھا دورہ جموں وکشمیر ہوگا۔بی جے پی لیڈر وزیر اعظم کے اس دورے کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے جس میں صوبہ جموں میں 24 نشستوں کی پولنگ ہو رہی ہے، کے پیش نظر وزیر اعظم کا یہ دورہ انتہائی اہم ہے اور اس ریلی میں ایک لاکھ سے زیادہ لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔دریں اثنا وزیر اعظم کے دورے کے پیش نظر حکام نے جموں شہر کے قرب وجوار میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں اوراسٹیڈیم کے گرد و پیش بھاری تعداد میں سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

بتادیں کہ جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے کے لئے جموں و کشمیر کی کل 90 سیٹوں میں سے 7 اضلاع کی 40 سیٹوں پر پولنگ ہوگی۔ان میں سے کشمیر میں 16 سیٹوں جبکہ جموں کی 24 نشستوں کی پولنگ ہوگی۔اس مرحلے میں جن اضلاع میں پولنگ ہوگی ان میں کپوارہ، بارہمولہ، بانڈی پورہ، اودھم پور، کٹھوعہ، سانبہ اور جموں شامل ہے۔جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کے اس تیسرے اور سب سے بڑے مرحلے کے لئے کل 449 امید وار میدان میں ہیں۔

یو این آئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں