جموں، 26 ستمبر : جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے تیسرے مرحلے کی پولنگ کے لئے انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہونے کے بیچ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ آج جموں صوبے میں ریلیوں سے خطاب کریں گے۔یہ وزیر داخلہ کا اسمبلی انتخابات کے دوران جموں صوبے کا تیسرا دورہ ہوگا۔ انہوں نے انتخابات کے گذشتہ دونوں مرحلوں کے لئے جموں کا دورہ کرکے یہاں انتخابی ریلیوں سے خطاب کئے۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ امیت شاہ آج جموں صوبے میں پانچ ریلیوں سے خطاب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جموں پہنچنے پر وہ سب سے پہلے چنانی میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کریں گے۔
جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے پہلے دو مرحلے اختتام پذیر ہوئے جبکہ تیسرے اور آخری مرحلے کی پولنگ یکم اکتوبر کو ہوگی۔وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ جیسے بی جے پی کے بڑے لیڈر پارٹی کے لئے زیادہ سے زیادہ سیٹوں کے حصول کو ممکن بنانے کے لئے جموں وکشمیر میں بڑے پیمانے پر انتخابی مہم چلا رہے ہیں جبکہ بعض بڑے لیڈر یہیں خیمہ زن ہیں۔
مبصرین کا ماننا ہے کہ بڑے لیڈروں کے ریلیوں سے خطاب سے جہاں پارٹی امیدواروں کو فائدہ پہنچتا ہے وہیں کارکنوں کے حوصلے بھی بلند ہوجاتے ہیں۔جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے کے لئے جموں و کشمیر کی کل 90 سیٹوں میں سے 7 اضلاع کی 40 سیٹوں پر پولنگ ہوگی۔ان میں سے کشمیر میں 16 سیٹوں جبکہ جموں کی 24 نشستوں کی پولنگ ہوگی۔اس مرحلے میں جن اضلاع میں پولنگ ہوگی ان میں کپوارہ، بارہمولہ، بانڈی پورہ، اودھم پور، کٹھوعہ، سانبی اور جموں شامل ہے۔جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کے اس تیسرے اور سب سے بڑے مرحلے کے لئے کل 449 امید وار میدان میں ہیں۔
یو این آئی