لاس اینجلس، 16 اپریل (یو این آئی) امریکہ میں جنوبی کیلیفورنیا کے پومونا کا میلہ گراؤنڈلاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ مقابلے کی میزبانی کرے گا۔
لاس اینجلس 2028 کی آرگنائزنگ کمیٹی نے منگل کو کہا کہ لاس اینجلس سے 50 کلومیٹر مشرق میں واقع پومونا فیئر گراؤنڈز میں خصوصی طور پر بنائے گئے عارضی مقام پر کرکٹ مقابلہ منعقد کیا جائے گا۔ یہ 500 ایکڑ کمپلیکس 1922 سے لاس اینجلس کاؤنٹی میلے کی میزبانی کر رہا ہے۔
کرکٹ مقابلے میں مردوں اور خواتین کی کیٹیگریز کی چھ ٹیمیں حصہ لیں گی اور اس کے لیے 90 ایتھلیٹ کا کوٹہ مقرر کیا گیا۔ ہر ٹیم کے 15 ارکان ہوں گے۔
آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے کہا، “ہم لاس اینجلس 2028 میں کرکٹ کے مقام کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں کیونکہ یہ ہمارے کھیل کی اولمپکس میں واپسی کی تیاری کی جانب ایک اہم قدم ہے۔”
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال امریکہ اور کیریبین ممالک میں منعقدہ مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران نیویارک میں ایک پاپ اپ اسٹیڈیم بنایا گیا تھا۔ اس میں ہندوستان- پاکستان کے میچ کھیلے گئے تھے۔ لاڈرہل میں سینٹرل بروورڈ اسٹیڈیم اور ٹیکساس میں گرینڈ پریری اسٹیڈیم بھی استعمال کیا گیاتھا۔
