دبئی، 29 نومبر (یو این آئی) جمعہ کو ہوئی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بورڈ میٹنگ میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا۔
آئی سی سی بورڈ کی آج یہاں منعقدہ ورچوئل میٹنگ 15 منٹ سے بھی کم وقت تک جاری رہی۔ میٹنگ میں کہا گیا کہ بورڈ کے کچھ دیگر ممبران آئی سی سی کی قیادت، پاکستان کرکٹ بورڈ اور بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کے ساتھ بیٹھ کر تمام فریقین کے لیے قابل قبول حل تلاش کرنے کے لیے کام کریں گے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اس معاملے پر بات چیت گزشتہ ایک یا دو دنوں سے جاری ہے اور جمعہ اور ممکنہ طور پر ہفتہ کو بھی جاری رہے گی۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ اس بارے میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں فیصلہ کیا جائے گا۔
نتیجہ ہندوستان اور پاکستان کی حکومتوں کی اجازت پر منحصر ہے۔
12 مکمل رکن ممالک کی نمائندگی کرنے والے آئی سی سی بورڈ کا اجلاس آخری تین متبادل پر غور کرنے کے لیے بلایا گیا تھا۔
پہلا ہائبرڈ آپشن، جہاں زیادہ تر میچ پاکستان میں ہوں لیکن انڈیا کے تمام میچ پاکستان سے باہر ہوں۔ دوسرا پورا ٹورنامنٹ پاکستان سے باہر ہو جبکہ میزبانی کا معاہدہ پی سی بی کے پاس رہے اور تیسرا یہ کہ پورا ٹورنامنٹ پاکستان میں کروایا جائے جس میں ہندستان شامل نہ ہو۔
چیمپئنز ٹرافی کے مقام پر پیدا ہونے والے مسائل کے درمیان بی سی سی آئی نے کہا تھا کہ ہندوستانی حکومت ٹیم کو پاکستان بھیجنے کے لیے تیار نہیں ہے۔
یو این آئی
0