0

ڈوپٹے سے گلا دبا کرشہری کو سفاکانہ انداز میں قتل کا سنسنی خیز انکشاف

8دنوں میں پٹن پولیس نے کیا معمہ حل
ماں بیٹی سمیت ایک ہی خاندان کے4ملزمان گرفتار، مزید تفتیش جاری
بارہمولہ:۰۱،اگست:جے کے این ایس : بارہمولہ پولیس نے پٹن میں ایک شہری کی پُر اسرارموت کا معمہ 8روز میں حل کرتے ہوئے 2خواتین سمیت 4ملزمان کو سازش کرکے قتل کی سفاکانہ واردات انجام دینے کی پاداش میں گرفتار کیا ۔جے کے این ایس کے مطابق بارہمولہ پولیس نے ایک بیان میں بتایاکہ 2اگست2024کو پولیس چوکی پلہالن کو اطلاع ملی کہ گاﺅں کھمبیاراوراندرگام کو ملانے والے پل کے نیچے سے ایک نامعلوم لاش پڑی ہے۔پولیس کی ٹیم نے نعش کو برآمد کیا اوراسکی شناخت پوسناگ کریری کے رہنے والے ناصر احمد گنائی کے طور پر کی گئی۔بیان کے مطابق ایس ڈی پی اﺅ پٹن ڈی ایس پی شاہجہان کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے ایس ایچ او پٹن انسپکٹر محمد شفیع اور ڈی او پلہالن سب انسپکٹر رئیس کی مدد سے مسلسل پوچھ گچھ، شواہد کی جانچ اور تکنیکی ڈیٹا کا تجزیہ کیا اور 4ملزمان کی شناخت کرنے میں کامیابی حاصل کی۔گرفتار ملزمان میں غلام محی الدین گنائی ولد مرحوم غلام نبی ،فاطمہ بیگم زوجہ غلام محی الدین گنائی، روبینہ بانو دخترغلام محی الدین گنائی اور عادل احمد گنائی ولد غلام محی الدین گنائی ساکنان گنڈبل پٹن، ضلع بارہمولہ شامل ہیں ۔پولیس کے مطابق ملزمان سے تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزمان نے یکم اگست 2024 کو مقتول ناصر احمد گنائی کو قتل کرنے کی سازش رچی۔ملزمان نے ڈوپٹہ کے ذریعے گلا دبا کرناصر کو قتل کیا اور بعد ازاں اسکی لاش کو پل کے نیچے پھینک دیا۔ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور وہ اس وقت پولیس کی تحویل میں ہیں۔ پولیس ٹیم نے جرم کا ہتھیار (دوپٹہ) اور دیگر اہم شواہد بھی برآمد کر لئے ہیں۔فوری کیس میں مزید تفتیش جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں