0

ڈوڈہ :بدرواہ میں شبانہ تصادم، پانچ فوجی اہلکار اور ایس پی او زخمی، آپریشن جاری

جموں،12جون(یو این آئی)جموں صوبے کے ڈوڈہ ضلع کے چھتر گلہ بدرواہ میں درمیانی شب ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایس پی او اور پانچ فوجی اہلکار زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر جموں منتقل کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق 11اور 12جون کی درمیانی شب بدرواہ سے تقریباً35کلومیٹر کی دوری پر واقع چھتر گلہ علاقے میں ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان اچانک آمنا سامنا ہواجس دوران دوبدو گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔
ذرائع کے مطابق ملی ٹینٹوں کی ابتدائی فائرنگ میں ایک ایس پی او اور پانچ فوجی اہلکار زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر سب ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے ابتدائی مرہم پٹی کے بعد زخمی ہوئے اہلکاروں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے جموں منتقل کیا گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر مفرور ملی ٹینٹوں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی فائرنگ کے بعد ملی ٹینٹ جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے تاہم پولیس نے اسکی تصدیق نہیں کی ۔
اے ڈی جی پی آنند جین نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ڈوڈہ کے چھتر گلہ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے۔
دریں اثنا چھتر گلہ میں انکاونٹر کے پیش نظر بدرواہ بانی شاہراہ کو سیل کیا گیا ہے اور کسی کو بھی شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں