0

کانگریس نے سری نگر میں لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل – کرگل انتخابات میں کامیابی کا جشن منایا

سری نگر، 9 اکتوبر (یو این آئی) کانگریس پارٹی نے پیر کے روز یہاں پارٹی ہیڈ کوارٹرپر لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل – کرگل انتخابات میں کامیابی کا جشن منایا۔
اس موقع پر پارٹی لیڈران و کارکنان مٹھائیاں بانٹ رہے تھے اور ‘راہل جی آگے بڑھو ہم تمہارے ساتھ ہیؐ’ کے نعرے لگا رہے تھے۔
ایک پارٹی لیڈر نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ کرگل میں لوگوں نے جمہوریت کا ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بھارت جوڑو یاترا کے اثرات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آنے والے وقت میں یہ اثرات نہ صرف جموں وکشمیر میں بلکہ ملک بھر میں دیکھیں جائیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل – کرگل کے پانچویں انتخابات میں نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے مشترکہ اتحاد نے شاندار جیت درج کی ہے۔
نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے مشترکہ اتحاد نے 26 میں سے 21 نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے تاریخ رقم کی ہے۔
الیکشن حکام کے مطابق ان انتخابات میں نیشنل کانفرنس نے 12، کانگریس 9، بی جے پی 2اور آزاد امیدوارو دو نشستیں حاصل کیں۔
ان انتخابات کے لئے 4 اکتوبر کو پولنگ ہوئی تھی جن میں مجموعی طور پر ووٹنگ کی شرح 77.61 فیصد درج ہوئی تھی۔
9 اگست 2019 کو دفعہ 370 کی تنسیخ اور جموں وکشمیر کو دو حصوں میں منقسم کرنے کے فیصلے کے بعد یہ کرگل میں ہونے والے اپنی نوعیت کے پہلے انتخا بات ہیں جس میں کانگریس اور این سی اتحاد نے جیت درج کی ہے۔
واضح رہے کہ کرگل میں پہاڑی کونسل کو جولائی 2003 میں معرض وجود میں لایا گیا۔
30 کونسلروں پر مشتمل ٹیم میں 26 کونسلر اپنے اپنے حلقوں سے منتخب ہوتے ہیں جبکہ باقی چار کونسلر اقلیتی اور خواتین کے منتخب کئے جاتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں