سوپور:۶،فروری : حکام نے مبینہ طور پر طبی لاپرواہی کے معاملے کے بعد شمالی کشمیر کے سوپورقصبہ میں ایک نجی اسپتال کے ایک آپریشن تھیٹر کو سیل کر دیا ہے، جہاں ایک خاتون، جو کان کی سرجری کےلئے داخل تھی،اور مبینہ طور پر اس کی بچہ دانی نکال دی گئی تھی۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق ایک مقامی خاتون حکیم ثناءاللہ نامی نجی ہسپتال میں ڈاکٹر کے ذریعے اپنے کان علاج کروا رہی تھی اور ہسپتال میں اس کے کان کا آپریشن ہونا تھا۔ لیکن، ڈاکٹر کی غیر موجودگی میں، آپریشن کو مبینہ طور پر ایک اور ڈاکٹر نے انجام دیا، جس نے غلطی سے ہسٹریکٹومی کی تھی۔آپریشن کے دوران اور مبینہ طور پرخاتون کی بچہ دانی نکال دی گئی۔عوامی احتجاج کے بعدایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوپورکی قیادت میں ایک ٹیم نے طبی پروٹوکول میں شدید کوتاہی کا حوالہ دیتے ہوئے ایک نجی ہسپتال’حکیم ثناءاللہ اسپیشلسٹ اسپتال اینڈ کینسرسینٹرسوپور کے آپریشن تھیٹر کو سیل کر دیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوپور ایس اے رینا نے کہاکہ ہم اس معاملے کی مکمل چھان بین کر رہے ہیں اورنجی ہسپتال انتظامیہ، ڈاکٹروں اور عملے کو ان کے موقف کی وضاحت کےلئے نوٹس بھیجے ہیں۔انہوںنے مزیدکہاکہ ابتدائی تفتیش اور شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ اس آپریشن تھیٹر کو پہلے کام نہیں کرنا چاہیے تھا، اور اس لئے، ہم نے اسے سیل کر دیا ہے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوپور نے کہا کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جو بھی قصوروار پائے جائیں گے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔دریں اثناءحکومت نے ایک لیڈی ڈاکٹر اورایک میڈیکل آفیسرکی معطلی عمل میں لاکر اُن کی پرائیویٹ پریکٹس پر پابندی عائد کردی ہے ۔حکیم ثناءاللہ اسپیشلسٹ اسپتال اینڈ کینسرسینٹرسوپور میں پیش آئے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حکومت نے ڈاکٹر انجم نذیر کنسلٹنٹ گائناکولوجسٹ ایس ڈی ایچ سوپور اور ڈاکٹر طارق احمد ڈار میڈیکل آفیسر (ڈپلوما ان اینستھیزیا) ڈی ایچ بانڈی پورہ کی معطلی عمل میں لاکر اُن کی پرائیویٹ پریکٹس پر پابندی عائد کر دی ہے۔ 6 فروری 2025 کے حکومتی حکم نامہ نمبر115-JK(HME)آف2025،حکومت کے سیکرٹری برائے صحت وطبی تعلیم ڈاکٹر ڈاکٹرسید عابدرشید شاہ آئی اے ایس نے جاری کیا ہے۔ آرڈر میں بتایاگیاکہ اگلے احکامات تک دونوں معطل ڈاکٹروں کو ڈائریکٹوریٹ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن جموں کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے جبکہ حکیم ثناءاللہ اسپیشلسٹ اسپتال اینڈ کینسرسینٹرسوپورکاآپریشن تھیٹر تحقیقات مکمل ہونے تک سربمہررہے گا۔
