0

کرکٹ سٹہ بازوں کے خلاف بڑی کارروائی، 15 کروڑ روپے کی نقدی سمیت غیر ملکی کرنسی ضبط

اجین، 14 جون (یو این آئی) مدھیہ پردیش کی اجین پولیس نے دو مختلف مقامات پر چھاپے مار کر کرکٹ سٹہ بازوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 15 کروڑ روپے کی نقدی کے ساتھ غیر ملکی کرنسی ضبط کی۔ پولیس نے سٹہ باز گینگ کے نو ارکان کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ مرکزی ملزم پیوش چوپڑا مفرور ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ کل رات ایک مخبر سے اطلاع ملی تھی کہ نیل گنگا تھانہ علاقہ میں واقع ایک کالونی کے ایک مکان میں پیوش چوپڑا پنجاب، راجستھان اور مدھیہ پردیش کے کچھ لوگوں کے ساتھ کئی دنوں سے بڑے پیمانے پر بین الاقوامی سٹہ کھلا رہا ہے۔ اس کے بعد پولیس نے اس مقام پر چھاپہ مارا جہاں سے کرکٹ ٹی-20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش اور ہالینڈ کے میچ پر سٹے بازی کرنے والے ملزمان سے مجموعی طور پر 41 موبائل فون، 11 لیپ ٹاپ، ایک میک منی، ایک آئی پیڈ، قومی اور بین الاقوامی سمیں، دو پینڈ ڈرائیوز برآمد ،تین میموری کارڈز اور دیگر مواصلاتی آلات قبضے میں لینے کے بعد کل ملاکر نو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں ایک راجستھان، چار پنجاب اور چار نیمچ سے ہیں۔
اس کے بعد پولیس کو اطلاع ملی کہ مفرور ملزم پیوش کھاراکنواں تھانہ علاقہ کے مصددی پورہ میں واقع اپنے گھر آیا ہے۔ پولیس نے اس جگہ پر چھاپہ مارا جہاں سے عام سے زیادہ نقدی، بین الاقوامی کرنسی، چاندی کی سلیاں اور ایپل میک منی سی پی یو، گیارہ لیپ ٹاپ سمیت مختلف رنگ کے گیارہ بیگوں میں کل ملاکر 14.58 کروڑ ہندستانی روپے نقد اور بھاری مقدار میں کینیڈین، متحدہ عرب امارات، یورو، پاؤنڈ، امریکی ڈالر، ہنگری یورو، پولش کرنسی، نیپالی روپیہ وغیرہ جیسی بین الاقوامی کرنسی ضبط کی گئی۔
گرفتار ملزمان کے نام جسپریت، روہت، گرپریت سنگھ، میور جین، ستپریت سنگھ، آکاش مسیحی، چیتن نیگی، ہریش اور گورو بتائے گئے ہیں۔ تمام ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت جرم درج کر لیا گیا ہے اور معاملے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ملزمان کو عدالت میں پیش کر کے پولیس ریمانڈ لیا جائے گا اور ان سے پوچھ گچھ کے بعد گینگ کے دیگر افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ ملزمان کا کرمنل ریکارڈ بھی حاصل کیا جا رہا ہے جن کے قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملوث ہونے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ یہ بھی معلوم کیا جا رہا ہے کہ یہ گینگ قومی اور بین الاقوامی سطح پر کہاں کہاں سرگرم ہے۔
مرکزی ملزم پیوش بلڈر ہے اور پراپرٹی کا کام کرتا ہے۔ اس کے گھر سے پاسپورٹ، کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ اور بیٹنگ اکاؤنٹس سے متعلق بڑی مقدار میں دستاویزات اور نقد رقم ضبط کی گئی ہے۔ ملزم پیوش اپنے کنبہ کے ساتھ لاطویا فرار ہونے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، جس کے لیے ایک لک آؤٹ سرکلر جاری کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں