0

کشمیر: موسم بہتر ہونے کے ساتھ ہی شری امرناتھ جی یاترا ایک روز بعد بحال

سری نگر، 7 جولائی :وادی کشمیر میں موسم میں بہتری واقع ہونے کے ساتھ ہی اتوار کی صبح ایک روز بعد شری امر ناتھ جی یاترا بحال ہوئی۔
بتادیں کہ بھاری بارشوں کی وجہ سے یاتریوں کے تحفظ کے پیش نظر ہفتے کے روز یاترا کو روک دیا گیا تھا۔
متعلقہ حکام نے اتوار کو بتایا کہ موسم میں بہتری واقع ہونے کے ساتھ ہی یاترا کو دونوں راستوں جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ننون پہلگام بیس کیمپ اور وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے بالتل بیس کیمپ سے بحال کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں کیمپوں سے یاتریوں کو پوتر گھپا کی طرف جانے کی اجازت دی گئی۔
قابل ذکر ہے کہ یاترا کے پہلے ہفتے کے دوران قریب ڈیڑھ لاکھ یاتری کشمیر میں 3 ہزار 8 سو 80 کلو میٹر بلندی پر واقع پوتر گھپا کے درشن سے فیضیاب ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے 28 جون کی صبح 4 ہزار 6 سو 3 یاتریوں کے پہلے جتھے کو جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے کشمیر کے لئے روانہ کیا تھا۔
وادی میں انتظامیہ، سول سوسائٹی تنظمیوں، تجارتی یونیوں اور عام لوگوں نے یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا۔
یاترا کو تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر انتطامات کئے گئے ہیں۔
جہاں یاتریوں کو تمام سہولیات و خدمات بہم پہنچانے کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں وہیں سیکورٹی کا بھی فقید المثال بند وبست کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یاترا روٹوں پر قریب 800 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں سیکورٹی فورسز کی 500 اضافی کمپنیاں تعینات کی گئیں ہیں۔ ہر کمپنی کم از کم ایک سو اہلکاروں پر مشتمل ہے۔
52 دنوں پر محیط یہ یاترا 19 اگست کو رکشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔

یو این آئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں