سری نگر،29 نومبر : مغربی ہوائوں کے داخل ہونے کے نتیجے میں وادی کشمیر کے بالائی علاقوں کے ایک بار پھر برف کی مہین سی چادر میں ڈھک جانے کا امکان ہے جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایک کمزور مغربی ہوا کے داخل ہونے کے نتیجے میں وادی میں 29 نومبر کی رات سے 30 نومبر کی صبح تک پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہکی بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں یکم دسمبر کو بھی موسم جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وادی میں 2 دسمبر کی شام سے3 دسمبر کی صبح تک پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ وادی میں 4 سے 7 دسمبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے جبکہ بعد میں 8 اور9 دسمبر کو بھی پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے ٹریفرک ایڈوائزری پر چلنے کا مشورہ دیا۔ادھر وای کشمیر میں گرچہ قدرے بہتری واقع ہوئی ہے تاہم نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے سے سردی کا زور برابر جاری ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی2.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت0.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی2.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
یو این آئی
0